پاکستانی نژاد علی زیدی، امریکی صدر جو بائیڈن کی ماحولیاتی ٹیم میں شامل
امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی ماحولیاتی ٹیم کے اہم ارکان کے تقرر کا اعلان کردیا ہے جن میں پاکستانی نژاد علی زیدی بھی شامل ہے جو وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی کلائمٹ کوآرڈینیٹر کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق 33 سالہ علی زیدی اس وقت نیویارک کے ڈپٹی سیکریٹری برائے توانائی و ماحولیات ہیں اور جوبائیڈن کی انتظامیہ میں پاکستانی نژاد امریکی شہری کو ملنے والا یہ اعلیٰ ترین عہدہ ہے۔
اس حوالے سے علی زیدی نے ٹوئٹ کیا کہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں حکومت کے ایک مکمل طرز عمل کی ضرورت ہے، جو ملازمتوں کی حوصلہ افزائی کرے اور انصاف کو فروغ دے۔
مزید پڑھیں: جوبائیڈن اور کمالا ہیرس ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار
انہوں نے لکھا کہ جب نومنتخب صدر جو بائیڈن نے مجھے فون کیا تو میں حیران تھا، میں اب بھی حیران ہوں اور یہ میرے لیے اعزاز ہے۔
وہ جینا میک کارتھی کے ماتحت کام کریں گے، جو سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں ایجنسی برائے تحفظ ماحولیات (ای پی اے) کی ایڈمنسٹریٹر تھیں اور اب نئی انتظامیہ کے مقامی کلائمٹ ایجنڈا میں ہم آہنگی لانے کے لیے ایک بڑے ایڈووکیسی گروہ کی سربراہی کررہی ہیں۔
اس حوالے سے جوبائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ شاندار، آزمائشی اور انقلاب انگیز ٹیم ایک دن موسمیاتی تبدیلی کے موجودہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے سائنس اور غیرجانبداری پر مبنی ایک متحد قومی ردعمل کےساتھ تیار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: جوبائیڈن کی فتح کا باقاعدہ اعلان، ریپبلکنز نے شکست تسلیم کرلی
انہوں نے کہا کہ وہ میرے اس خیال کو مانتے ہیں کہ ہمارے پاس آب و ہوا کے بحران کا مقابلہ کرنے، اپنی فضا اور پینے کے پانی کے تحفظ اور کمیونٹیز کو انصاف کی فراہمی کے لیے ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں ہے جو طویل عرصے سے ماحولیاتی نقصانات کا بوجھ اپنے کاندھوں پر اٹھائے ہوئے ہے۔
جو بائیڈن کی ٹیم کے جاری کردہ اعلامیے میں علی زیدی کو ایک ماہر موسمیات اور 'نومنتخب صدر کے دیرینہ مشیر' کہا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق انہوں نے اوباما-بائیڈن انتظامیہ کے کلائمٹ ایکشن پلان کا مسودہ تیار کرنے اور اس پر عملدرآمد کرنے اور پیرس کلائمٹ ایگریمنٹ پر مذاکرات کرنے میں معاونت کی تھی۔
علی زیدی، جو پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے تھے، وہ ریاست پنسلوانیا کے شہر ایری کے باہر واقع رسٹ بیلٹ میں مقیم رہے، انہوں نے ہارورڈ اور جارج ٹاؤن یونیورسٹیز سے تعلیم حاصل کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ 'علی زیدی کے پاس کراس-سیکٹر اور کثیر شعبہ جاتی تجرجہ جو موسمیاتی بحران سے متعلق حکومت کے بھرپور ردعمل کے لیے ضروری ہے'۔
تبصرے (1) بند ہیں