• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

امریکا میں پہلی ہوم کووڈ ٹیسٹ کِٹ کی منظوری

شائع December 16, 2020
— اے پی فوٹو
— اے پی فوٹو

امریکا میں پہلے ایسے کووڈ 19 ٹیسٹ کے استعمال کی منظوری دی گئی ہے جو دکانوں سے خرید کر گھروں میں کیا جاسکتا ہے اور طبی ماہرین کے نسخے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

امریکا کے ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ایسے پہلے ٹیسٹ کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی، جو فوری نتائج فراہم کرسکے گا۔

اس ٹیسٹ کو وائرس کے خلاف جنگ کے لیے اہم ٹول سمجھا جارہا ہے اور سابقہ ہوم ٹیسٹ کے مقابلے میں اس ٹیسٹ کے لیے نمونے لیب میں بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور کوئی بھی اسے استعمال کرسکے گا۔

یہ ٹیسٹ آسٹریلیا کی ایک کمپنی ایلومی نے تیار کیا ہے جس کے لیے کچھ عرصے سے اس طرح کے ٹیسٹ کی تیاری پر کام کیا جارہا تھا۔

کمپنی کے مطابق یہ ٹیسٹ کٹ بالکل اسی طرح کام کرے گی جیسے گھر میں پریگنسی ٹیسٹ کٹ کام کرتی ہے۔

یہ بنیادی طور پر ایک اینٹی جن ٹیسٹ ہے، جو ایسے وائرل پروٹینز کے ذرات کو شناخت کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو بیماری کے نتیجے میں مدافعتی ردعمل کے باعث جسم کا حصہ بنتے ہیں۔

ٹیسٹ کے نتائج ایک اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے 20 منٹ میں بتائے جاسکیں گے۔

اس ٹیسٹ کے لیے نمونہ ایک نیسل سواب کی مدد سے اکٹا کرکے بلیوٹوتھ سے جڑے اینالائزر پر رکھا جائے گا جو ایک اسمارٹ فون ایپ سے منسلک ہوگا۔

نتائج اسی ایپ میں بھیجے جائیں گے، جن کو لوگ طبی ماہرین سے شیئر کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق جنوری تک وہ 30 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ تیار کرسکے گی، جس کی لاگت 30 ڈالرز (4 ہزار 8 سو پاکستانی روپے) یا اس سے کم ہوگی۔

یہ ٹیسٹ میڈیکل اسٹور اور آن لائن خریدا جاسکے گا۔

ایف ڈی اے کے مطابق یہ ہوم ٹیسٹ کووڈ 19 کی علامات والے افراد میں وائرس کی تشخیص میں 96 فیصد اور نیگیٹو نمونوں کی تصدیق میں سو فیصد ثابت ہوا ہے۔

جن افراد میں علامات نہیں ہوتیں، ان میں یہ شرح بالترتیب 91 اور 96 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

اگرچہ اینٹی جن ٹیسٹ جلد نتائج فراہم کرتے ہیں اورر لیبارٹری کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی، مگر یہ پی سی آر ٹیسٹ جتنے حساس نہیں، جو ابھی کووڈ 19 کی اسکریننگ کا مرکزی طریقہ کار ہے۔

ایف ڈی اے کے سینٹر فار ڈیوائسز اینڈ ریڈیولوجیکل ہیلتھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جیف شیرون نے بتایا 'دیگر اینٹی جن ٹیسٹوں کی طرح یہ یہ ٹیسٹ کم حساس اور لیبارٹری میں ہونے والے عمومی مالیکیولر ٹیسٹوں جیسا نہیں، تاہم اس کو مکمل طور پر گھر میں استعمال کیا جاسکتا ہے اور فوری نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں، جو وبا کے خلاف ردعمل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے'۔

ایف ڈی اے کی جانب سے اس ٹیسٹ کی منظوری دیئے جانے کے موقع پر بتایا گیا کہ بغیر علامات والے افراد میں اس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے پر جلد از جلد باضابطہ ٹیسٹ کروانا ممکن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024