• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

تلور کے شکار کے لیے قطری شاہی خاندان کو خصوصی اجازت نامے جاری

شائع December 16, 2020
اجازت نامے قطر کے امیر، ان  کے والد، بھائی، وزیر اعظم، مشیر اور شاہی خاندان کے 14 دیگر افراد کو دیے گئے، رپورٹ - فائل فوٹو:ڈان
اجازت نامے قطر کے امیر، ان کے والد، بھائی، وزیر اعظم، مشیر اور شاہی خاندان کے 14 دیگر افراد کو دیے گئے، رپورٹ - فائل فوٹو:ڈان

کراچی: وفاقی حکومت نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ان کے اہلخانہ کے 14 دیگر افراد کو 21-2020 کے شکار کے موسم میں بین الاقوامی سطح پر محفوظ پرندے تلور کا شکار کرنے کے لیے خصوصی اجازت نامے جاری کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کے مطابق دیگر شکاریوں میں قطر کے امیر کے والد، بھائی، قطری وزیر اعظم، مشیر، سابق وزیر اعظم کے بھائی اور شاہی خاندان کے دیگر چند افراد شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود قطریوں کی گرفت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ جہاں سرکاری فائلیں، سمریز وغیرہ ملک میں سست رفتار سے آگے بڑھ رہی ہیں وہیں قطر کے امیر کی جانب سے چند اضافی شکار کے علاقوں کی اجازت کی درخواست موصول ہونے کے پانچ روز میں دے دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ امیر کے والد کے لیے مختص علاقے کو ان کی خواہش کے مطابق 5 دن کے اندر ان علاقوں سے تبدیل کردیا گیا جو پہلے شاہی خاندان کے ایک نسبتا کم اہم رکن کو مختص کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: صحرائے چولستان میں خلیجی ملک سے لائے گئے 1700 تلور چھوڑ دیے گئے

ذرائع کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو وزارت خارجہ میں ڈپٹی چیف آف پروٹوکول (پی اینڈ آئی) کے ذریعے جاری کردہ اجازت نامے 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں واقع قطر کے سفارت خانے کو پہنچائے گئے تھے تاکہ یہ خلیجی ریاست سے تعلق رکھنے والے شکاریوں کو بھیجے جاسکیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اجازت نامے کے مطابق امیر ریاست شیخ تمیم بن حمد الثانی کو پنجاب کے ضلع جھنگ اور سندھ کے کشمور اور مٹیاری اضلاع مختص کیے گئے ہیں۔

وہ شکار کے چند مزید علاقے چاہتے تھے لہذا ان کی خواہش 22 اور 26 اکتوبر کو ظاہر کی گئی اور انہیں مطلوبہ علاقوں یعنی سندھ کے صحرا اسلام کوٹ اور ڈپلو تحصیل الاٹ کردی گئیں۔

امیر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کو پنجاب میں قلعہ عباس کو چھوڑ کر بہاولنگر ضلع الاٹ کیا گیا تھا تاہم چونکہ انہیں یہ علاقہ پسند نہیں تھا اس لیے یہ شیخ جاسم بن فیصل بن قاسم بن فیصل الثانی کے ساتھ بدل دیا گیا جنہیں پہلے پنجاب کا ضلع خوشاب مختص کیا گیا تھا۔

امیر کے بھائی شیخ جاسم بن حمد الثانی کو بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں موسیٰ خیل اور داروگ تحصیل دی گئی۔

قطری وزیر اعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبد العزیز کو سندھ میں ضلع جیکب آباد مختص کیا گیا ہے، امیر کے مشیر شیخ محمد بن خلیفہ الثانی کو بلوچستان میں لورالائی (دکی کے علاوہ) دیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے بھائی شیخ فلاح بن جاسم بن جابر الثانی اور ان کے ایک اور رشتہ دار شیخ فہد بن فلاح بن جاسم بن جبار الثانی کو مشترکہ طور پر بلوچستان میں ضلع جھل مگسی مختص کیا گیا ہے۔

شاہی خاندان کے ایک فرد شیخ فیصل بن ناصر بن حمد الثانی کو بلوچستان میں کاکڑ خراسان اور قمرالدین کاریز سمیت ضلع قلعہ سیف اللہ الاٹ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تلور کے شکار کے اجازت نامے دینے سے پاکستان کا 'جی ایس پی پلس' اسٹیٹس خطرے میں

شاہی کنبے کے دیگر افراد کے نام اور ان کے لیے مختص علاقوں کی تفصیل یہ ہے۔

شیخ محمد بن علی بن عبد اللہ الثانی (ضلع برخان)، شیخ ثانوی بن عبد العزیز الثانی (ضلع قلات میں تحصیل سوراب)، شیخ علی بن عبد اللہ ثانی الثانی (تربت / ضلع کیچ)، شیخ خالد بن ثانی الثانی (دادو شہر)، شیخ فہد بن عبد الرحمن بن حمد الثانی (بلوچستان کے علاقے نصیرآباد) اور فیصل بن قاسم بن فیصل الثانی (بلوچستان میں ضلع ڈیرہ بگٹی)۔

متحدہ عرب امارات سے شاہی خاندان کی تھر آمد

ڈان اخبار کی ایک علیحدہ رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی کی ایگزیکٹو کونسل کے ایک رکن اور شاہی خاندان کے ممبر شیخ سلطان بن تہنون النہیان کی سربراہی میں ایک وفد شکار کے لیے منگل کو تھرپارکر پہنچ گیا۔

متحدہ عرب امارات سے آنے والے شاہی مہمانوں کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

وفد نواب شاہ ایئرپورٹ پر اترا وہاں سے اس نے تھرپارکر تک زمینی راستے سے سفر کیا۔

میرپورخاص ایڈیشنل کمشنر نے 8 دسمبر کو ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوہو کو خط لکھا تھا اور ہدایت کی تھی کہ وہ علاقے میں شاہی مہمانوں کے قیام کے دوران ان کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور مکمل پروٹوکول کو یقینی بنائیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024