• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: پاکستان میں دوسری لہر کے دوران ایک روز میں ریکارڈ 105 اموات

شائع December 16, 2020
ملک میں اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے اور تقریباً ساڑھے 5 ماہ بعد یومیہ اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے، جو دوسری لہر میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 38 ہزار 32 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 731 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 105 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے، جو جون کے بعد سے ایک روز میں یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ مزید 2 ہزار 265 مریض صحتیاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 977 ہوگئی جس میں سے 3 لاکھ 88 ہزار 598 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 10 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 48 ہزار 369 ہے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو چین میں گزشتہ برس دسمبر سے شروع ہونے والی اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان میں رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد ابتدائی ایک مہینے تک اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل سے جون تک اس وائرس میں تیزی آئی اور جون کے مہینے میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم پھر جولائی کے آخر میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور صورتحال کافی حد تک معمول کے مطابق ہوگئی تھی۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کچھ اضافہ شروع ہوا جو اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت اختیار کرگیا اور اب دسمبر میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔

یومیہ اعداد و شمار کو دیکھیں تو 16 دسمبر کو مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 520 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 482 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث ایک روز میں ریکارڈ 58 اموات ہوئیں اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 222 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ سندھ میں ایک روز میں وبا سے اموات کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 535 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 673 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 30 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 452 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 466 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 53 ہزار 253 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 12 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 489 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 796 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 176 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 158 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 203 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 379 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 21 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 771 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کوئی 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 193 پر برقرار رہی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 799 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں بھی کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 ہی رہی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 265 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 88 ہزار 598 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 445977

صحتیاب: 388598

اموات: 9010

فعال کیسز: 48369

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 482 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 673 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 53 ہزار 253 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 796 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 35 ہزار 203، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 771 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 799 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3222

پنجاب:3452

خیبرپختونخوا: 1489

بلوچستان: 176

اسلام آباد: 379

آزاد کشمیر: 193

گلگت بلتستان:99

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024