• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

حکومت 31 جنوری تک مستعفی نہ ہوئی تو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیا جائیگا،فضل الرحمٰن

شائع December 14, 2020
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کل تاریخی اعلامیے پر بھی دستخط کردیے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کل تاریخی اعلامیے پر بھی دستخط کردیے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (ف) و اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت 31 جنوری تک مستعفی نہ ہوئی تو یکم فروری کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔

لاہور میں پی ڈی ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ '31 دسمبر تک ارکان قومی و صوبائی اسمبلی استعفے اپنی جماعت کے قائدین کو دے دیں گے، واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ حکومت 31 جنوری تک مستعفی ہوجائے، اگر حکومت مستعفی نہ ہوئی تو یکم فروری کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔'

انہوں نے کہا کہ تاہم پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنان اور عوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ آج ہی سے لانگ مارچ کی تیاریاں شروع کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لاہور کے مینار پاکستان پر تاریخی اور فقید المثال اجتماع منعقد ہوا جس میں پی ڈی ایم کے اثاثی مقاصد کا اعلان کیا گیا اور آج اسی کے تسلسل میں آج پی ڈیم کے رہنماؤں نے تفصیلی اعلامیے پر بھی دستخط کردیے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اسٹیرنگ کمیٹی نے صوبوں کو لانگ مارچ کی تیاری کے سلسلے میں جو شیڈول دیا ہے وہ بدستور برقرار رہے گا، مرکزی عہدیداران اور اسٹیرنگ کمیٹی کے اراکین جن جن صوبوں سے تعلق رکھتے ہیں وہ اپنے اپنے صوبے میں میزبان کمیٹی ہوں گے اور اپنے اپنے صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہاں اور ذمہ داران کے اجلاس منعقد کریں گے تاکہ اپنے اپنے صوبے میں لانگ مارچ کی تیاری کی نگرانی کر سکیں۔

مزید پڑھیں: مینار پاکستان پر جلسہ: انارکی سے پہلے حالات کو سنبھالنا چاہیے، مولانا فضل الرحمٰن

انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی اجلاس میں اس بات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا گیا اور شدید مذمت کی گئی کہ آئی ایس پی آر نے جس طرح الیکٹرانک میڈیا کے چینلز پر جلسے کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے لیے دباؤ ڈالا، مختلف اینکرز پر دباؤ ڈالا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم میڈیا کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن حکمران اور آمرانہ ذہنیت کے لوگ میڈیا کو جانبدار اور گھر کی لونڈی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں اس سازش کو ناکام بنانا ہے جبکہ کل کے اجتماع کو تاریخ اس طرح یاد کرے گی جس طرح 1940 کے اجتماع کو یاد کرتی ہے۔

کل کے جلسے کے بعد آج حکومت کی صف ماتم بچھی ہوئی ہے، مریم نواز

اس موقع پر پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی رہنماؤں سے مطمئن نہ ہونے اور ان کی کلاس لینے کے حوالے سے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ 'بہت افسوس کی بات ہے کہ جس بات کا وجود ہی نہیں وہ بات چند چینلز نے چلائی، میں ان چینلز کو وقت دے رہی ہوں کہ پروپیگنڈا سے باز آجائیں، میں نے اراکین اسمبلیوں سے گلہ کیا کہ جلسہ گاہ چھوٹی رکھی گئی، لوگوں کو جلسہ گاہ سے باہر سڑک پر کھڑا ہو کر خطاب سننا پڑا۔'

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی ایسا کوئی جلسہ نہیں دیکھا جہاں شدید سردی کے باوجود مجھے کوئی کرسی نظر نہیں آئی، لوگ گھنٹوں کھڑے رہے اور جلسہ سنتے رہے، اتنی سردی اور حکومتی فاشسٹ ہتکھنڈوں کے باوجود لاہور کے عوام نے کسی چیز کی پرواہ نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس کو حقیقت معلوم ہے اسے پتہ ہے کہ جلسہ گاہ کتنی بھری ہوئی تھی، مجھے پکا یقین ہے کہ حکومت کو بھی جو خبریں ملی ہوں گی آج وہاں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اندر کی رپورٹ ہے کہ 'یہ' گھبرا گئے ہیں، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے مخالفین کو دشمنوں کی طرح ٹریٹ کرنے کا نیا طریقہ بنایا ہے، ہم ساری جماعتیں پاکستان کے ایجنڈے پر متفق ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے انتخابی حریف ضرور ہیں لیکن دشمن نہیں ہیں۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنا اپنا منشور اور حیثیت رکھتی ہیں اور اسی بنیاد پر انتخاب لڑتی ہیں، ہم ان سے اب کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، یہ مستعفی ہوجاتے ہیں اور اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کردیتے ہیں اس کے بعد اگر کوئی تجویز آئے تو پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی۔

گزشتہ روز جلسے میں محمود خان اچکزئی کی جانب سے لاہوریوں کو غدار قرار دیے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ 'رش کی وجہ سے مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے کیا کہا لیکن لوگ خود تاریخ کا مطالعہ کرلیں پتہ چل جائے گا۔'

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024