• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

شاہ رخ کی فلم میں سلمان خان 15 منٹ کی اداکاری کیلئے کاسٹ

شائع December 14, 2020
دونوں پہلے بھی بعض فلموں میں مختصر کردار کے لیے ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
دونوں پہلے بھی بعض فلموں میں مختصر کردار کے لیے ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

اگرچہ بولی وڈ میں خانز ہیروز کا الگ اور منفرد مقام ہے اور تقریبا تمام ہی خانز ایک دوسرے سے بڑھ کر شہرت رکھتے ہیں، تاہم دنیا بھر میں موجود ان کے مداح انہیں ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

اگرچہ اب تک چاروں بڑے خانز یعنی سلماں، شاہ رخ، عامر اور سیف علی خان ایک ساتھ دکھائی نہیں دیے تاہم ماضی میں سلمان و شاہ رخ اور عامر و سلمان ایک ساتھ فلمیں کر چکے ہیں۔

لیکن جلد ہی ایک بار پھر سلمان خان اور شاہ رخ خان ایک ایکشن تھرلر فلم میں دکھائی دیں گے لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ اس فلم میں دبنگ ہیرو مرکزی کردار کے لیے نہیں بلکہ محض 15 منٹ کے کردار کے لیے کاسٹ کیے جائیں گے۔

جی ہاں، ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شاہ رخ خان کی آنے والی میگا بجٹ فلم ’پٹھان‘ میں سلمان خان کو محض 15 منٹ کی اداکاری کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں ایک اور شوبز ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ جاسوس کرداروں پر مبنی فلم ہوگی، جس میں سلمان خان اپنی جاسوس فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کا کردار ادا کریں گے۔

پہلے بھی دونوں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام
پہلے بھی دونوں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان کے علاوہ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے مگر اسی فلم میں سلمان خان کا کردار صرف 15 منٹ کے لیے ہوگا۔

فلم میں سلمان خان مصیبت میں پھنس جانے والے شاہ رخ خان کو کوئی معلومات فراہم کرنے یا ان کی مدد کرنے آئیں گے اور جلد ہی دبنگ ہیرو اپنے کردار کی شوٹنگ کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان، سلمان خان کی 'ٹیوب لائٹ' میں شامل

رپورٹ میں بتایا گیا کہ محض 15 منٹ کے کردار کے لیے سلمان خان 10 سے 15 دن تک دبئی میں شوٹنگ کریں گے اور وہ جنوری 2021 میں کسی وقت بھی شوٹنگ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

سلمان خان جو خود بولی وڈ کا ایک بہت بڑا نام ہے اور ان کے نام کی وجہ سے ہی متعدد بھارتی فلمیں کامیاب ہوتی ہیں، انہیں شاہ رخ خان کی فلم میں محض 15 منٹ کے کردار کے لیے کاسٹ کیے جانے پر جہاں دونوں اداکاروں کے مداح خوش ہیں، وہیں درجنوں افراد اس بات پر حیران بھی ہیں کہ سلمان خان جیسے اداکار کو محض 15 منٹ کی اداکاری کے لیے کاسٹ کیا گیا؟

تاہم بولی وڈ سمیت دنیا کی ہر فلم انڈسٹری میں بہت ساری فلمیں ایسی بھی ہوتی ہیں، جن میں بڑے بڑے اداکاروں کو مہمان اداکار کے طور پر کاسٹ کیا جاتا ہے اور بعض مرتبہ کسی فلم میں محض ان کی ایک جھلک ہی دکھائی جاتی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ شاہ رخ اور سلمان خان کی فلم ’پٹھان‘ کو سال 2021 کے وسط یا اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024