• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم کی عوام کو ایک اور تاریخی کتاب پڑھنے کی تجویز

شائع December 14, 2020
وزیراعظم  نوجوانوں کو بھی کتابیں تجویز کرتے رہے ہیں— فوٹو: انسٹاگرام
وزیراعظم نوجوانوں کو بھی کتابیں تجویز کرتے رہے ہیں— فوٹو: انسٹاگرام

وزیراعظم عمران خان کتب بینی خاص طور پر تاریخ سے متعلق کتابیں پڑھنے کا شوق رکھتے ہیں اور نوجوانوں کو بھی اس حوالے سے کتابیں تجویز کرتے رہے ہیں۔

اب گزشتہ کچھ ماہ سے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے باقاعدہ طور پر ماہانہ ایک کتاب پڑھنے کی تجویر دی جارہی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ اس معاملے میں کافی سنجیدہ ہیں کہ نوجوانوں کو کتابیں پڑھنی چاہئیں۔

رواں ماہ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانون کو بریگیڈیئر (ر) ہارون رشید کی کتاب 'ہسٹری آف دی پٹھانز' پڑھنے کی تجویز دی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی عوام کو ترک ڈراما 'یونس امرے' دیکھنے کی تجویز

اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ پوسٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ 'اس مہینے میں، بریگیڈیئر (ر) ہارون رشید کی کتاب 'ہسٹری آف دی پٹھانز' پڑھنے کی تجویز دے رہا ہوں'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'اس کا والیم 7 جو میں پڑھ رہا ہوں، وہ مجھ جیسے پٹھان قبیلوں سے متعلق ہے جو پچھلے ایک ہزار سالوں میں افغانستان سے بھارت آئے اور بھارت کے مختلف حصوں میں آباد ہوگئے'۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ کتاب برصغیر کی تاریخ تشکیل دینے میں پٹھانوں کے کردار سے متعلق ہے۔

کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے اس کتاب کے مصنف نے 'ہسٹری آف دی پٹھانز' میں نہ صرف تاریخ بیان کی ہے بلکہ ان کے ثقافتی ورثے اور روایات کو بھی بیان کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نومبر میں وزیراعظم عمران خان نے ریمنڈ ڈبلیو بیکر کی 'کیپٹلزم اکھیلز ہیل' پڑھنے کی تجویز دی تھی۔

یہ کتاب اس بات کی چشم کشا ہے کہ کس طرح وائٹ کالر مجرم، کاروباری شخصیات اور سیاستدان غیر قانونی طریقے سے منی لانڈرنگ کرتے ہیں اور لوگوں، اداروں اور ممالک پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس سے قبل اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان نے ایلف شفق کی 'فورٹی رولز آف لو' پڑھنے کی تجویز دی تھی جو مولانا جلال الدین رومی اور ان کے ساتھ شمس تبریز پر مبنی ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں برس مئی میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران نوجوانوں کو اسلامی تاریخ پر مبنی کتاب پڑھنے کی تجویز بھی دی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان نے مصنف فراس الخطیب کی کتاب 'لوسٹ اسلامک ہسٹری' پڑھنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہمارے نوجوانوں کے مطالعے کے لیے ایک لاجواب انتخاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان پاکستانیوں کو ترک ڈراما دیریلش ارطغرل دیکھنے کی تجویز کیوں دے رہے ہیں؟

انہوں نے کہا تھا کہ یہ کتاب ان تاریخی عوامل کا نہایت خوبصورت مگر مختصر مجموعہ ہے جنہوں نے تمدنِ اسلامی کو اپنے دور کی عظیم ترین تہذیب کی شکل دی اور ان عوامل سے پردہ اٹھاتی ہے جو اس کے زوال کی وجہ بنے۔

کتابوں کے علاوہ وزیراعظم عمران خان عوام کو کچھ ٹی وی شوز دیکھنے کی تجویز بھی کرتے رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے رواں برس عوام کو ترک ڈراما ارطغرل غازی دیکھنے کی تجویز دی تھی اور رواں ماہ کے آغاز میں انہوں نے عوام کو پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک اور ترک ڈراما دیکھنے کی تجویز دی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ صوفی ازم (معرفت) میں دلچسپی رکھنے والے تمام افراد کو میری پُرزور تجویز ہے کہ وہ پی ٹی وی پر دکھایا جانا والا ڈراما 'یونس امرے' دیکھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024