• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا کے مزید ایک ہزار 719 مریض صحتیاب، فعال کیسز 47 ہزار سے زائد

شائع December 14, 2020 اپ ڈیٹ December 15, 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے—فائل فوٹو: محمد عاصم
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے—فائل فوٹو: محمد عاصم

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 487 ہے جس میں سے 3 لاکھ 84 ہزار 719 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 832 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 31 ہزار 830 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 362 کے نتائج مثبت آئے، اس کے علاوہ مزید 36 مریض کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے، تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ ایک ہزار 719 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی تھی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 14 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 343 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار 702 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 9 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 158 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 329 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 541 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 14 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 365 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 357 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 52 ہزار 449 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 473 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 745 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 175 پر برقرار رہی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 261 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 840 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 371 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 56 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 719 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کوئی مریض زندگی کی بازی نہیں ہارا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 191 پر برقرار رہی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 791 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں بھی کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 ہی رہی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 719 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 84 ہزار 719 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 440787

صحتیاب: 384719

اموات: 8832

فعال کیسز: 47236

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار 702 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 541 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 52 ہزار 449 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 745 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 34 ہزار 840 ، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 719 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 791 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3158

پنجاب:3365

خیبرپختونخوا: 1473

بلوچستان: 175

اسلام آباد: 371

آزاد کشمیر: 191

گلگت بلتستان:99

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024