• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

لاہور کے عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ دفن کردیا، فردوس عاشق اعوان

شائع December 13, 2020
فردوس عاشق اعوان نے پی ڈیم کے جلسے کو ناکام قرار دیا—فوٹو: ڈان نیوز
فردوس عاشق اعوان نے پی ڈیم کے جلسے کو ناکام قرار دیا—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے عوام نے اپوزیشن کے بیانیے کو بڑے دھوم دھام سے دفن کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پوری قوم نے دیکھا کہ کورونا کے بحران میں قوم توقع کر رہی تھی کہ ہر سیاسی جماعت کا قائد معصوم شہریوں کی جانوں کو بچانے کے لیے جلسے کو ملتوی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا مینار پاکستان پر جلسہ، فضل الرحمٰن، مریم، بلاول جلسہ گاہ میں موجود

ان کا کہنا تھا کہ جب قائد بننے کی باری آئی تو پی ڈی ایم کے رہنما نے اپنے لیے تیتر اور بیٹر کی تواضع جبکہ عوام کو کورونا پر چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ زندہ دلانِ لاہور نے بڑی دھوم دھام سے آج ان کے بیانیے کو دفن کردیا اور ثابت کردیا کہ لاہور کے باسی باشعور اور قانون کی پاسداری کرنے والے لوگ ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ باریاں لگا کر اقتدار کے مزے لوٹنے والی جماعتوں نے اس شہر کو نسل در نسل محکوم رکھا، قبضہ گروپوں کے آگے اس شہر کے باسیوں کو یرغمال بنایا اور ترقی کا محور و مرکز خود نمائی تک محدود رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں نے آج عمران خان کو اپنا مسیحا مان کر ایک دفعہ پھر ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر میں ان کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کے جلسے کا سن کر ہم سب کے کان پک چکے تھے لیکن آج سب کی آنکھوں نے وہ منظر دیکھا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا جو وفاق اور صوبے میں حکمران ہو، پولیس اور امن و عامہ کی ذمہ داری وزیراعلیٰ کے پاس تھی لیکن لاہور آنے والے کسی راستے پر کوئی رکاوٹ دکھائی نہیں دی اور نہ ہی پولیس نے کسی جگہ دخل اندازی کی۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا کو ملک کی نہیں، حلوے کی فکر رہتی ہے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی فہم و فراست، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی اعلیٰ ظرفی نے پی ڈی ایم کی خواہشات کو ملیا میٹ کردیا اور مریم نواز نے داتا کی نگری کے امن و امان کو تباہ کرنے کی جو حکمت عملی بنائی تھی اس کو لاہور کے غیور عوام نے رد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی آواز پر عوام نے کان نہیں دھرے، شاید عوام نے جیل میں موجود شہباز شریف اورحمزہ شہباز کے خفیہ پیغام کی پاسداری کی ہو اور نائب صدر کا شوق ہی انہیں لے ڈوبا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسے میں کمرہ جماعت سجایا گیا اور ہر رکن اسمبلی کو لوگ لانے کی حاضری لگانی پڑی۔

خیال رہے کہ لاہور کے مینار پاکستان میں پی ڈی ایم کا جلسہ جاری ہے جہاں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر جماعتوں کے سربراہ خطاب کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024