فریال محمود نے شوہر سے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

شائع December 13, 2020
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر افواہیں زیر گردش تھیں کہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے علیحدگی اختیار کرلی ہے—فوٹو: فیس بک
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر افواہیں زیر گردش تھیں کہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے علیحدگی اختیار کرلی ہے—فوٹو: فیس بک

رواں برس مئی میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کے دوران اداکارہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے سادگی سے شادی کرلی تھی۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر افواہیں زیر گردش تھیں کہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: فریال محمود اور دانیال راحیل نے خاموشی سے شادی کرلی

علاوہ ازیں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ اداکارہ نے انسٹاگرام سے اپنے شوہر کے ساتھ پوسٹ کی گئی تصاویر بھی ہٹادیں۔

اب اداکارہ فریال محمود نے شوہر سے علیحدگی سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔

فریال محمود نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سوشل میڈیا پر مجھ سے متعلق اور میرے شوہر سے علیحدگی کے حوالے سے پوسٹس دیکھ رہی ہوں۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

انہوں نے لکھا کہ میں باقاعدگی سے اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر پوسٹ نہیں کرتی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے درمیان جھگڑے چل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور شادی کرنے کا بھی ارادہ ہے'

اداکارہ نے کہا کہ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کا انتخاب کیا نہ کہ یہ ہم آپ لوگوں کو ثابت کرتے رہیں کہ ہماری شادی چل رہی ہے۔

—فائل فوٹو: ڈان امیجز
—فائل فوٹو: ڈان امیجز

انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے شوہر دونوں ہی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور اپنے کام کے شیڈول کی وجہ سے گزشتہ 5 ماہ سے وہ ایک دوسرے سے بہت کم مل پائے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ میں یہ چاہوں گی کہ آپ لوگ میری شادی مجھ پر اور دانیال راحیل پر چھوڑ دیں اور ان معاملات پر توجہ دیں جو آپ کی زندگی میں اہمیت رکھتے ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے اپنی طلاق کی افواہ پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025