• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

انگین التان دوزیتان دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس چلے گئے

شائع December 12, 2020 اپ ڈیٹ December 13, 2020
انگین التان 10 دسمبر کو لاہور پہنچے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
انگین التان 10 دسمبر کو لاہور پہنچے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

شہرہ آفاق ترک ڈراما 'ارطغرل غازی' میں ارطغرل کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار انگین التان دوزیتان تین دن کا مختصر پاکستانی دورہ کرکے وطن واپس چلے گئے۔

انگین التان دوزیتان نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر10 دسمبر کو پنجاب کے شہر لاہور پہنچے تھے، دورے کے دوران انہوں نے چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے ساتھ معاہدے بھی کیے اور مذکورہ کمپنی نے انہیں اپنا سفیر بھی مقرر کیا۔

ان کے پاکستان پہنچنے پر ٹوئٹر پر 'Welcome to Pakistan' کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر رہا جب کہ انہوں نے اگلے تین روز تک لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔

ترک اداکار نے پاکستان آمد پر بھرپور استقبال کیے جانے پر انسٹاگرام اسٹوریز میں پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار کی پاکستان آمد

انہوں نے ایک اسٹوری میں پھولوں کے گلدستے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پرجوش استقبال پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔

ترک اداکارہ نے بھرپور استقبال پر پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا—: اسکرین شاٹ
ترک اداکارہ نے بھرپور استقبال پر پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا—: اسکرین شاٹ

پاکستانی دورے پر 10 دسمبر کو پہنچنے کے بعد انہوں نے 11 دسمبر کو لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور ایک پریس کانفرنس بھی کی۔

انگین التان دوزیتان نے 11 دسمبر کو بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا، جہاں بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد سے بھی ملاقات کی۔

بعد ازاں انگین التان دوزیتان نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

مختصر دورے کے دوران ترک اداکار نے لاہور میں پاکستان کے لذیذ و ثقافتی کھانے بھی کھائے اور پریس کانفرنس کے دوران ان کی تعریفیں بھی کیں۔

ترک اداکارہ نے بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا تھا—اسکرین شاٹ/ ڈان نیوز
ترک اداکارہ نے بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا تھا—اسکرین شاٹ/ ڈان نیوز

لاہور میں 11 دسمبر کو میڈیا سے بات چیت کے دوران انگین التان دوزیتان نے پاکستانی شوبز اںڈسٹری کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ بھی دیا اور کہا تھا کہ اگر کسی اچھے منصوبے میں انہیں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کام کریں گے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل' کا بادشاہی مسجد کا دورہ

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں انگریزی و ترک زبان سمیت کچھ اردو کے الفاظ بھی بولے تھے، جس پر ان کی کافی تعریفیں کی گئیں۔

گفتگو کے دوران انگین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا دورہ ضرور ہے مگر آخری نہیں اور موقع ملنے پر وہ دوبارہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے انہیں تحائف بھی دیئے گئے۔

.

مختصر دورے پر وہ تنہا آئے تھے اور انہیں سادہ و روایتی انداز میں دیکھا گیا۔

اپنے 48 گھنٹوں پر مبنی دورے کو مکمل کرتے ہوئے انگین التان دوزیتان 12 دسمبر کی صبح پاکستان سے ترکی روانہ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں، انگین التان دوزیتان

ان کی پاکستان آمد کی طرح پاکستان سے روانگی کے وقت بھی ٹوئٹر پر ان کے نام کا ٹرینڈ ٹاپ پر رہا۔

ترک اداکار کو چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز نے اپنا سفیر بھی مقرر کیا—فوٹو: قاسم ارشد
ترک اداکار کو چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز نے اپنا سفیر بھی مقرر کیا—فوٹو: قاسم ارشد

پاکستانیوں نے ان کے دورے پر شکریہ انگین التان کا ٹرینڈ بناکر ان کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اطہار کیا اور ساتھ ہی ان سے مطالبہ کیا کہ وہ دوبارہ بھی پاکستانی دورے پر آئیں۔

زیادہ تر افراد نے انگین التان دوزیتان کے اردو میں کہے گئے جملوں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ دوبارہ بھی پاکستانی دورے پر آئیں۔

اگرچہ انہوں نے مداحوں سے دوبارہ پاکستانی دورے کا وعدہ نہیں کیا، تاہم ذرائع کے مطابق وہ 2021 کے وسط تک دوسرا دورہ بھی کریں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024