• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جوبائیڈن اور کمالا ہیرس ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار

شائع December 11, 2020
دونوں کو سماجی مسائل کو حل کرنے کی کوششوں پر منتخب کیا گیا — فائل فوٹو: اے پی
دونوں کو سماجی مسائل کو حل کرنے کی کوششوں پر منتخب کیا گیا — فائل فوٹو: اے پی

گزشتہ ماہ نومبر میں ہونے والے 46 ویں صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے 77 سالہ جوبائیڈن اور امریکا کی پہلی خاتون نائب صدر منتخب ہونے والی 56 سالہ کمالا ہیرس کو ٹائمز میگزین نے 2020 کا ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دے دیا۔

ٹائم میگزین سال کے اختتام پر ہر سال ’پرسن آف دی ایئر‘ کا اعلان کرتا ہے اور تقریبا دنیا کی ہر معروف شخصیت کی خواہش ہوتی ہے کہ شہرہ آفاق میگزین اسے یہ اعزاز بخشے۔

ٹائم میگزین ماضی میں بھی متعدد امریکی صدور اور صدارتی اُمیدواروں سمیت سیاستدانوں و سماجی رہنماؤں کو یہ اعزاز دے چکا ہے۔

’ٹائم میگزین‘ نے 93 سال قبل 1927 میں ابتدائی طور پر ’مین آف دی ایئر‘ ایوارڈ و اعزاز دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا، جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتری اور ترامیم لاکر اسے ’پرسن آف دی ایئر‘ کردیا گیا۔

ابتدائی طور پر یہ اعزاز یا ایوارڈ صرف مرد حضرات کو دیا جاتا تھا لیکن بعد ازاں یہ خواتین کو بھی دیا جانے لگا، جس کے بعد اس میں مزید ترمیم کرکے یہ اعزاز بیک وقت دو یا اس سے زائد افراد کو بھی دیا جانے لگا۔

—فوٹو ٹائم میگزین
—فوٹو ٹائم میگزین

وقت اور انسانی سوچ میں تبدیلی کے ساتھ ٹائم میگزین نے اس اعزاز میں مزید ترمیم کی اور یہ اعزاز اداروں اور تنظیموں کو بھی دیا جانے لگا۔

تاہم زیادہ تر یہ اعزاز یا ایوارڈ افراد کو دیا جاتا ہے اور میگزین کا اعزاز حاصل کرنے والے شخص کو دنیا کا خوش قسمت ترین شخص بھی سمجھا جاتا ہے۔

حال ہی میں ٹائم میگزین نے بچوں کے معروف ٹی وی چینل ’نکولوڈئین‘ کے ساتھ ’کڈ آف دی ایئر‘ کا اعزاز یا ایوارڈ دینے کا اعلان بھی کیا تھا اور اس سال پہلے 'کڈ آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گریٹا تھونبرگ دنیا کی کم عمر ترین ٹائم ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار

اور اب ٹائم میگزین نے منتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب امریکی صدر کمالا ہیرس کو ’پرسن آف دی ایئر‘ کے اعزاز سے نواز دیا۔

دونوں کو ان کی شاندار سیاسی خدمات، منفرد انتخابی مہم چلانے اور سماجی مسائل کو حل کرنے کی کوششوں اور دعوؤں کے عوض اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔

دونوں پہلی بار پرسن آف دی ایئر قرار پائے ہیں—فوٹو: ٹائم میگزین
دونوں پہلی بار پرسن آف دی ایئر قرار پائے ہیں—فوٹو: ٹائم میگزین

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹائم میگزین نے اس سال جن 4 شخصیات کو ’پرسن آف دی ایئر‘ کے لیے شارٹ لسٹ کیا تھا، ان میں ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی ماہر صحت ڈاکٹر انتھونی فاکی بھی شامل تھے۔

مگر ٹائم میگزین نے جوبائیڈن اور کمالا ہیرس کو اعزاز کے لیے منتخب کیا۔

ٹائم میگزین نے 2019 میں سویڈن کی طالبہ و ماحولیاتی تحفظ کی کارکن گریٹا تھونبرگ کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت تھیں، انہیں محض 16 برس کی عمر میں یہ اعزاز دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: جمال خاشقجی سمیت 5 صحافی ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار

ٹائم میگزین نے 2018 میں ترکی میں قتل کیے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی سمیت فرائض کی انجام دہی کے دوران نشانہ بنائے جانے والے 4 صحافیوں اور ایک صحافتی ادارے کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا۔

ٹائم میگزین نے 2018 میں امریکا کے اخبار 'دی کیپیٹل گزیٹ'، جمال خاشقجی، فلپائن کے صحافی ماریہ ریسا اور میانمار میں حراست میں لیے گئے رائٹرز کے صحافیوں والون اور کیو سو او کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا۔

2017 میں پانچ خواتین کو پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا—فوٹو: ٹائم میگزین
2017 میں پانچ خواتین کو پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا—فوٹو: ٹائم میگزین

اسی طرح ٹائم میگزین نے 2017 میں می ٹو مہم چلانے والی خواتین اور جنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھانے والی خواتین کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا۔

ٹائم میگزین نے 2016 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جب کہ 2015 میں جرمن چانسلر اینجلا مرکل کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ 2016 سے 2020 تک ہر سال ’پرسن آف دی ایئر‘ کے لیے شارٹ لسٹ ہوتے رہے مگر انہیں ایک ہی بار 2016 میں یہ اعزاز دیا گیا۔

2018 میں صحافیوں اور صحافتی ادارے کو پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا—فوٹو: ٹائم میگزین
2018 میں صحافیوں اور صحافتی ادارے کو پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا—فوٹو: ٹائم میگزین

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024