• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ابھی ہم نے استعفے نہیں مانگے اور استعفوں کے انبار لگ گئے، مریم نواز

شائع December 10, 2020
مریم نواز نے کہا کہ اب جعلی حکومت اور مہنگائی کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا کہ اب جعلی حکومت اور مہنگائی کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے استعفے نہیں مانگے اور استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 'لاہور کا جلسہ تو 13دسمبر کو ہے لیکن آج لاہور میں قدم قدم پر جلسہ ہو رہا ہے، اب جعلی حکومت اور مہنگائی کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اب ان سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن سن لو نواز شریف تمہیں این آر او نہیں دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہم نے باضابطہ استعفے نہیں مانگے اور میرے گھر پر استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں، لاہور والوں کا کیا فیصلہ ہے؟ جعلی اسمبلیوں میں بیٹھیں یا استعفیٰ دیں، اب آندھی آئے یا طوفان اب مینار پاکستان جلسے میں ملاقات ہوگی۔

مزید پڑھیں: 31 دسمبر تک ارکان اسمبلی پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرا دیں، مولانا فضل الرحمٰن

قبل ازیں ریلی کے لیے جاتی امرا سے روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'ایک انسان جس کا نام عمران خان ہے وہ ڈھائی سال سے کہتا رہا کہ میں این آر او نہیں دوں گا، آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے آج کے اخبارات دیکھ لیں کہ وہ شخص ہاتھ جوڑ کر مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے، اللہ تعالیٰ یہ ذلت کسی کو نہ دکھائے'۔

انہوں نے ڈی جے بٹ کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ 'ڈی جے بٹ کبھی عمران خان کے ساتھی ہوا کرتے تھے، آج ان پر وقت آیا تو عمران خان نے ہمیشہ کی طرح اپنے لوگوں سے دھوکا کیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے تھے کہ آپ کا مقابلہ پی ڈی ایم سے ہے حالانکہ نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ میرا مقابلہ بچوں اور سیاسی بونوں سے نہیں ہے، ہمیں یہ نہیں پتا تھا کہ آپ کا مقابلہ کرسیاں فراہم کرنے والوں سے ہے ٹینٹ سروس والوں سے ہے.'

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر جمہوری حربہ استعمال کریں گے، پی ڈی ایم

واضح رہے کہ دو روز قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) اور حکومت مخالف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلیوں کو 31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ 'پی ڈی ایم اجلاس میں تمام سربراہان نے اپنی اپنی پارٹیوں کا موقف پیش کیا، آج جعلی وزیر اعظم نے ایسے باتیں کیں جیسے وہ نشے میں بول رہے ہوں، وہ ڈائیلاگ نہیں بلکہ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں جبکہ لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے بھی برا حشر کردیا جائے گا۔'

گزشتہ روز پی ڈی ایم نے لاہور میں ہرقیمت پر جلسہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ہم ہر ہتھیار استعمال کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024