• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میانوالی: 'پراسرار بیماری' سے ایک ہفتے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کا انتقال

شائع December 10, 2020
محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ خاندان کے پاس آئیں لیکن بیماری کی تشخیص نہیں کر پائیں — فائل فوٹو: رائٹرز
محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ خاندان کے پاس آئیں لیکن بیماری کی تشخیص نہیں کر پائیں — فائل فوٹو: رائٹرز

میانوالی: وادی نمل کے گاؤں تھل ٹیگووال میں ایک ہفتے کے دوران ایک ہی خاندان کے 6 افراد 'پر اسرار' طور پر انتقال کر گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جب محکمہ صحت کے عہدیداران نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وہاں کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کیے تو ان کا کووِڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا۔

نمائندے کی حاصل کردہ معلومات میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ اس خاندان کے افراد کو ایک ہفتے تک شدید بخار رہا جس کے بعد وہ ایک سے دو روز میں انتقال کر گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پراسرار‘ بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے 7 بچے ہلاک

مرنے والوں کے علاوہ اس خاندان کے دیگر افراد نے بھی اسی قسم کی علامات کی شکایت کی، اب تک 5 خواتین اور ایک بچہ انتقال کرچکا ہے جبکہ دیگر 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

اس سانحے کی اطلاع جیسے ہی پھیلی تو ضلعی محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ خاندان کے پاس آئیں لیکن بیماری کی تشخیص نہیں کر پائیں اور مریضوں کے خون کے نمونے حاصل کرلیے۔

دوسری جانب میانوالی کے اسسٹنٹ کمشنر نے بھی متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور اس صورتحال کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر سیکریٹری صحت پنجاب نے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تھل ٹیگوال گاؤں بھیجی جو اپنی تحقیقی رپورٹ سیکریٹری کو پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں: بھارت میں 'پراسرار بیماری'، مریضوں کے خون میں ذرات کی نشان دہی

مذکورہ صورتحال کے باعث گاؤں کے رہائشی شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ محکمہ صحت کے عہدیدار بیماری کی تشخیص یا مریضوں کے علاج کے لیے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں منتقل کرنے میں بھی ناکام رہے۔

خیال رہے چند سال قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے لیلونئی میں ’پراسرار‘ بیماری کے باعث ایک ماہ کے دوران ایک ہی خاندان کے 7 بچے ہلاک ہوگئے تھے جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

پراسرار بیماری سے ہلاک ہونے سے قبل بچوں کا بائیاں ہاتھ اور پاؤں ناکارہ ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024