• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارتی فضائیہ فلمی سین پر نیٹ فلیکس سے الجھ پڑی

شائع December 10, 2020
بھارتی فضائیہ نے انیل کپور کی فلم پر اعتراض کیا ہے—اسکرین شاٹ
بھارتی فضائیہ نے انیل کپور کی فلم پر اعتراض کیا ہے—اسکرین شاٹ

بھارتی فضائیہ نے اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد ہی ریلیز ہونے والی بلیک کامیڈی تھرلر فلم ’اے کے ورسز اے کے‘ سے انڈین ایئرفورس (آئی اے ایف) کی وردی پہن کر گالیاں دینے والے مناظر نکال دے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی فضائیہ نے دو دن قبل ہی ’نیٹ فلیکس‘ کی فلم کے ٹریلر جاری ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسٹریمنگ ویب سائٹ سے گالیوں کے مناظر نکالنے کا مطالبہ کیا۔

بھارتی فضائیہ کے میڈیا ونگ کے ٹوئٹر ہینڈل پر فلم کا ٹریلر ٹوئٹ کرتے ہوئے ’نیٹ فلیکس‘ اور انیل کپور کو بھی مینشن کیا گیا اور دونوں کو کہا گیا کہ فلم میں دکھائی جانے والی گالم گلوچ کی زبان انڈین ایئرفورس کی ترجمانی نہیں کرتی اور مذکورہ مناظر کو فلم سے نکال دینا چاہیے۔

بھارتی فضائیہ نے دو دن قبل انیل کپور کی جانب سے ٹوئٹ کی جانے والی فلم کی مختصر ویڈیو ری ٹوئٹ کی تھی۔

انیل کپور کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں انہیں بھارتی فضائیہ کی وردی میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے۔

فلم کے جاری کیے گئے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انیل کپور بھارتی فضائیہ کی وردی پہن کر گالم گلوچ کر رہے ہیں۔

فلمی مناظر میں انیل کپور کو فلم ساز و اداکار انوراگ کشیپ سے مکالمہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اسی دوران وہ فلم ساز کو گالیاں بھی دیتے ہیں۔

مذکورہ مناظر کو ٹوئٹ کیے جانے پر بھارتی فضائیہ برہم ہوگئی اور اس نے انیل کپور اور ’نیٹ فلیکس‘ انڈیا کی انتظامیہ سے معافی کا مطالبہ کیا۔

بھارتی فضائیہ کے رد عمل پر ’نیٹ فلیکس‘ انڈیا کی انتظامیہ نے معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ فلم کی ٹیم نے جان بوجھ کر فلمی مناظر میں ایئرفورس کے کردار کو گالیاں دینے کا نہیں کہا۔

’نیٹ فلیکس‘ انڈیا کی انتظامیہ نے بھارتی فضائیہ کی وردی میں گالیوں کے مناظر پر معذرت کی اور بتایا کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ کی انتظامیہ ایئرفورس سمیت دیگر بھارتی افواج کی عزت کرتی ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف بھی کرتی ہے۔

تاہم ’نیٹ فلیکس‘ انتظامیہ نے گالم گلوچ والے مناظر کو نکالنے یا نہ نکالنے سے متعلق کوئی بات نہیں کہی۔

دوسری جانب انیل کپور نے بھی ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ سے وردی پہن کر گالم گلوچ کرنے والے مناظر پر معافی مانگ لی۔

انیل کپور نے اپنی مختصر ویڈیو میں بھارتی فضائیہ کی تعریف کی اور ان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا اور ساتھ ہی وضاحت کی کہ دراصل وہ فلم میں ایک ایئرفورس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی بیٹی کو اغوا کرلیا جاتا ہے تو وہ پاگل بن جاتے ہیں۔

انیل کپور نے کہا کہ فلم میں ان کا کردار بیٹی کے اغوا کے بعد پاگل پنے میں کچھ گالیاں بھی دیتا ہے، تاہم انہوں نے دانستہ طور پر ایئرفورس کی وردی پہن کر غلیظ زبان استعمال نہیں کی۔

انہوں نے بھارتی فضائیہ کی وردی پہن کر گالیاں دینے پر معافی مانگی۔

انیل کپور نے جس فلم کے مناظر کی ویڈیو اپنی ٹوئٹ میں شیئر کیے تھے، اسے رواں ماہ 24 دسمبر کو ’نیٹ فلیکس‘ پر ریلیز کیا جائے گا۔

انیل کپور بمقابلہ انوراگ کشیپ فلم کو رواں ماہ 24 دسمبر کو نیٹ فلیکس پر جاری کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
انیل کپور بمقابلہ انوراگ کشیپ فلم کو رواں ماہ 24 دسمبر کو نیٹ فلیکس پر جاری کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

بلیک کامیڈی تھرلر فلم ’اے کے ورسز اے کے‘ میں انیل کپور اور انوراگ کشیپ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں اور ٹریلر کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ فلم میں اداکاری اور مذاق کی ایکٹنگ کرتے کرتے حقیقت میں انیل کپور کی بیٹی کو اغوا کرلیا جاتا ہے اور پھر ان کی بیٹی کے اغوا ہوجانے پر پولیس تک کو یقین نہیں ہوپاتا۔

فلم کے ٹریلر میں انیل کپور کے بھائی فلم ساز بونی کپور اور ان کی بیٹی سونم کپور کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔

ٹریلر میں انیل کپور کو بھارتی فضائیہ کے کردار میں نہ صرف گالیاں دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے بلکہ اسے پولیس سمیت جرائم پیشہ افراد کے سامنے گھٹنے ٹیکتے اور مدد کی بھیک مانگتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024