• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اداکارہ نیلم منیر میں بھی کورونا کی تشخیص

شائع December 9, 2020
اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ملک میں کورونا کی جاری دوسری لہر کے دوران جہاں اب ماضی کے مقابلے تیزی سے عام لوگ بھی اس مرض کا شکار بن رہے ہیں، وہیں شوبز شخصیات میں بھی اس وائرس کی تشخیص ہو رہی ہے۔

رواں ماہ دسمبر کے آغاز میں سینیئر اداکار بہروز سبزواری میں کورونا کی تشخیص کے بعد انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ اداکارہ نیلم منیر بھی کورونا کا شکار ہوگئیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

اداکارہ نیلم منیر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبریں گزشتہ دو دن سے سوشل میڈیا پر جاری تھیں، تاہم اب انہوں نے خود بھی اس کی تصدیق کردی۔

نیلم منیر نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے خود میں کورونا کی تشخیص کو اپنے اور اہل خانہ کے لیے مشکل وقت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے دیگر تمام اہل خانہ ٹھیک ہیں، ان میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔

نیلم منیر نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے وبا سے بچنے کے لیے تمام حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے، تاہم اس باوجود وہ وبا کا شکار بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: بہروز سبزواری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

اداکارہ نے کورونا کو خطرناک وائرس قرار دیتے ہوئے مداحوں کو تمام حفاظتی اختیارات اپنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر کسی کو فیس ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کے اختیار کرنے چاہیے۔

نیلم منیر نے بتایا کہ ان میں کورونا کی بڑی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور وہ خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ رش والی جگہوں پر نہ جائیں اور اپنا مدافعتی نظام مضبوط بنا کر اس وبا سے محفوظ رہیں۔

نیلم منیر کی جانب سے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دیے جانے کے بعد لوگوں نے ان کے لیے نیک تمنائیں کیں جب کہ ساتھی اداکاروں نے بھی ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

نیلم منیر سے قبل رواں ماہ 2 دسمبر کو بہروز سبزواری بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے اور انہیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا، تاہم اب ان کی صحت بہتر ہے۔

مزید پڑھیں: طوبیٰ عامر کورونا سے صحت یاب، عامر لیاقت کی طبیعت میں بہتری

بہروز سبزواری سے قبل پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔

بہروز سبزواری کو 2 دسمبر کو کورونا کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
بہروز سبزواری کو 2 دسمبر کو کورونا کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت نے کئی سختیاں بھی عائد کی ہیں اور فیس ماسک پہننے کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔

حکومت نے وبا سے بچاؤ کی خاطر شادی ہالز میں شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے سمیت شادی کی تقریبات کو محدود رکھنے کے احکامات دیے ہیں جبکہ 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

حکومت کے مطابق نومبر اور دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملک میں کورونا کے پھیلاؤ میں اکتوبر کے مقابلے 4 گنا اضافہ دیکھا گیا۔

پاکستان بھر میں 8 دسمبر کی سہ پہر تک کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 23 ہزار 179 تک جا پہنچی تھی، جس میں سے 3 لاکھ 70 ہزار 474 افراد صحت یاب ہوچکے تھے۔

ملک میں 8 دسمبر کی سہ پہر تک کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی اور اموات کی تعداد بڑھ کر 8 ہزار 487 تک جا پہنچی تھی۔

عامر لیاقت و اہلیہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طوبیٰ عامر صحت یاب ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
عامر لیاقت و اہلیہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طوبیٰ عامر صحت یاب ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024