• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سال 2020 میں سب سے زیادہ ری ٹوئٹ و پسند کی جانے والی ٹوئٹس

شائع December 8, 2020
چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ سب سے زیادہ ری ٹوئٹ و پسند کی گئی—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ فیس بک
چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ سب سے زیادہ ری ٹوئٹ و پسند کی گئی—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ فیس بک

سال 2020 تمام تر دکھوں، خوف، وباؤں اور مسائل کے ساتھ جلد ہی ماضی کا قصہ بننے والا ہے تاہم سال کے اختتام سے قبل لوگ ایک نظر پیچھے مڑ کر اسے دیکھنا ضرور چاہتے ہیں۔

سال 2020 میں اگرچہ دنیا بھر میں زیادہ تر مسائل، دکھ اور بیماریاں ہی رہیں تاہم اس کے باوجود کچھ اچھی خبریں اور خوشیاں بھی سامنے آئیں۔

لیکن کتنی عجیب بات ہے کہ مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر سب سے زیادہ ری ٹوئٹ اور پسند کی جانے والی ٹوئٹ بھی موت کی ٹوئٹ تھی۔

ٹوئٹر نے سال کے اختتام پر سب سے زیادہ ری ٹوئٹ و پسند کی جانے والی ٹوئٹس کی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق ہولی وڈ اداکار 43 سالہ چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ کو سب سے زیادہ پسند اور ری ٹوئٹ کیا گیا۔

چیڈوک بوسمین رواں برس 29 اگست میں بڑی آنت کے کینسر کے باعث چل بسے تھے اور ان کی موت کی خبر ان کے آفیشل ٹوئٹ سے بتائی گئی تھی۔

چیڈوک بوسمین کے موت کی ٹوئٹ کو ایک ہی دن میں 70 لاکھ سے زائد بار پسند کیا گیا تھا جب کہ 8 دسمبر تک اسے 76 لاکھ سے زائد بار پسند کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'بلیک پینتھر' کی موت کی خبر کا منفرد ریکارڈ

اسی طرح چیڈوک بوسمین کے موت کی ٹوئٹ کو اب تک 24 لاکھ بار ری ٹوئٹ کیا جا چکا ہے۔

رواں سال ٹوئٹر پر ری ٹوئٹ کے حوالے سے دوسرے نمبر پر جنوبی کورین میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس کے رکن کے گانے کی ویڈیو رہی، جسے 22 لاکھ بار ری ٹوئٹ کیا گیا۔

ری ٹوئٹ کے حوالے سے تیسرے نمبر پر سابق امریکی صدر براک اوباما کی ایک ٹوئٹ رہی، جسے 8 دسمبر تک 16 لاکھ بار ری ٹوئٹ کیا گیا جب کہ لائیک کے حوالے سے بھی ان کی ایک ٹوئٹ دوسرے نمبر پر رہی، جسے 40 لاکھ بار لائیک کیا گیا۔

براک اوباما کی سب سے زیادہ ری ٹوئٹ ہونے والی ٹوئٹ پر بھی 45 لاکھ کے قریب پسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔

سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی ٹوئٹس میں تیسرے نمبر پر خلانوردوں کے خلا میں جانے کی ٹوئٹ رہی، جسے 35 لاکھ سے زائد بار لائیک کیا گیا۔

گزشتہ ماہ نومبر میں پہلی امریکی خاتون نائب صدر منتخب ہونے والی کمالا ہیرس کی جانب سے منتخب ہونے والے صدر جوبائیڈن سے فون پر بات کرنے کی ٹوئٹ چوتھی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ٹوئٹ بنی۔

ٹوئٹر کے مطابق سال 2020 میں ٹوئٹر پر عالمی سطح پر جن شخصیات سے متعلق زیادہ ٹوئٹس کی گئیں، ان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سرفہرست رہے۔

دوسرے نمبر پر منتخب امریکی صدر جوبائیڈن رہے، تیسرے نمبر پر امریکی پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ، چوتھے نمبر پر امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کوبی برنٹ رہے جو جنوری 2020 میں اپنی کم سن بیٹی کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں چل بسے تھے۔

ٹوئٹر پر براک اوباما وہ پانچویں شخصیت رہے جن سے متعلق زیادہ ٹوئٹس کی گئیں، چھٹے نمبر پر جنوبی کورین میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ساتویں نمبر پر رہے جب کہ کانیے ویسٹ 8 ویں نمبر، ایلون مسک نویں نمبر پر اور کمالا ہیرس دسویں نمبر پر رہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے سب سے زیادہ ٹوئٹس کی گئیں—فوٹو: ٹوئٹر
ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے سب سے زیادہ ٹوئٹس کی گئیں—فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024