• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس کی دوسری لہر: پاکستان میں ایک روز میں 89 اموات

شائع December 8, 2020
پاکستان میں اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور دوسری لہر کے دوران اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 179 ہے جس میں سے 3 لاکھ 70 ہزار 474 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 487 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار سے متعلق سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 33 ہزار 610 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 885 میں وائرس کی تشخیص ہوئی جو 8.58 فیصد کی مثبت شرح ہے، اس کے علاوہ مزید 89 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 13 ہزار 932 افراد ایسے تھے جو شفایاب ہوئے، جس کے بعد مجموعی طور پر فعال کیسز 44 ہزار 218 ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں حالیہ لہر کے دوران یہ ایک روز میں اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گئی تھی تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

تاہم کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر سخت عملدرآمد نہ ہونے سے دسمبر کے آغاز سے ہی اموات اور کیسز مزید تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

آج 8 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 726 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 212 تک پہنچ گئی۔

تاہم اموات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا اور صوبے میں عالمی وبا کے آنے کے بعد سے یومیہ اموات کی سب سے بڑی تعداد ریکارڈ کی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 41 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 60 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 429 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار 191 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 41 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 218 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 402 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 50 ہزار 78 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 419 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 501 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 169 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 245 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 33ہزار 61 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید کوئی نئی اموات رپورٹ نہیں ہوئی اور اس طرح یہ تعداد 341 پر برقرار ہے۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 34 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 390 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 182 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 14 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 746 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 24 گھنٹوں میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی، جس کے بعد گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد 98 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 13 ہزار 932 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 70 ہزار 474 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: .423179

صحتیاب: 370474

اموات: 8487

فعال کیسز: 44218

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 212 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک 24 ہزار 191 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 50 ہزار 78 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 501 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 33 ہزار 61 ، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 390 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 746 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3060

پنجاب: 3218

خیبرپختونخوا: 1419

بلوچستان: 169

اسلام آباد: 341

آزاد کشمیر: 182

گلگت بلتستان:98

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024