• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فردین خان حیران کن تبدیلی کے ساتھ ایک دہائی بعد فلموں میں واپسی کیلئے تیار

شائع December 7, 2020
فردین خان اپنی کزن سوزانے خان، ان کی والدہ اور اہلیہ کے ہمراہ—فائل فوٹو: فیس بک
فردین خان اپنی کزن سوزانے خان، ان کی والدہ اور اہلیہ کے ہمراہ—فائل فوٹو: فیس بک

’فدا، جانشین، نو انٹری، جسٹ میرڈ، ہائے بے بی، ڈارلنگ، لو پارٹنر اور لو کے لیے کچھ بھی کرے گا‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والے 46 سالہ فردین خان کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ جلد حیران کن تبدیلی کے ساتھ فلموں میں واپسی کریں گے۔

فردین خان آخری بار 2010 کی رومانٹک کامیڈی فلم ’دولہا مل گیا‘ میں شاہ رخ خان، سشمیتا سین، جونی لیور اور اشیتا شرما کے ساتھ رومانٹک کامیڈی کردار میں دکھائی دیے تھے۔

فردین خان نے اگرچہ ایکشن، ہارر اور تھرلر فلموں میں بھی کام کیا تاہم انہیں ان کی رومانٹک کامیڈی اداکاری کی وجہ سے منفرد حیثیت حاصل رہی۔

وزن بڑھ جانے پر فردین خان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی
وزن بڑھ جانے پر فردین خان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی

فردین خان نے فلمی کیریئر کا آغاز اپنے والد فیروز خان کے ساتھ 1998 کی فلم ‘پریم اگن’ سے کیا تھا، انہوں نے والد کے ساتھ ایک اور فلم جانشین میں بھی اداکاری کی۔

فردین خان نے 2005 میں نتاشا مدھوانی سے شادی کی اور 2017 میں ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا، جس کے بعد انہیں ایک بیٹی بھی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: چند سال سے غائب فردین خان منظر عام پر آگئے

جہاں فردین خان گزشتہ ایک دہائی سے فلموں میں دکھائی نہیں دیے، وہیں 2016 کے بعد وہ اپنا وزن بڑھ جانے کی وجہ سے خبروں میں رہے اور لوگوں نے ان کے موٹے ہوجانے پر ان پر خوب تنقید بھی کی۔

فردین خان کی چھوٹی بہن کو بھی بولی وڈ پارٹیوں میں دیکھا جاتا رہا ہے—فائل فوٹو: مڈ ڈے
فردین خان کی چھوٹی بہن کو بھی بولی وڈ پارٹیوں میں دیکھا جاتا رہا ہے—فائل فوٹو: مڈ ڈے

وزن بڑھ جانے پر لوگوں کی جانب سے فضول تنقید پر فردین خان نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بھی اس معاملے پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں موٹے ہوجانے پر کوئی افسوس نہیں اور انہیں لوگوں کی نازیبا گفتگو کا بھی کوئی افسوس نہیں۔

فردین خان نے اپنا وزن بڑھ جانے پر تنقید کرنے والے افراد کے لیے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ لوگوں کے کمنٹس پڑھ کر محظوظ ہوتے ہیں اور انہیں ایسے لوگوں کی باتوں کا کوئی افسوس نہیں۔

دو سال قبل فردین خان کی ایئرپورٹ پر کھینچی گئی اضافی وزن کی تصویر خوب وائرل ہوئی تھی—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف
دو سال قبل فردین خان کی ایئرپورٹ پر کھینچی گئی اضافی وزن کی تصویر خوب وائرل ہوئی تھی—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف

لیکن اب اداکار کی سامنے آنے والی حیران کن تصاویر کے بعد نہ صرف لوگ ان کی تعریفیں کر رہے ہیں بلکہ خبریں ہیں کہ اداکار جلد ہی فلموں میں واپسی بھی کریں گے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ چند دن قبل سوشل میڈیا پر فردین خان کی ایک تصویر وائرل ہونے کے بعد جب فلم ساز مکیش چھابڑا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ اداکار ایک دہائی بعد بولی وڈ میں واپسی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

فردین خان کی کم وزن کی نئی تصاویر سامنے آنے کے بعد لوگ حیران رہ گئے—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
فردین خان کی کم وزن کی نئی تصاویر سامنے آنے کے بعد لوگ حیران رہ گئے—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

رپورٹ کے مطابق فردین خان کی کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں انہیں 2016 اور 2018 کے مقابلے میں اسمارٹ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے اور ان کا وزن پہلے کی طرح کافی کم نظر آیا۔

فردین خان کی کم وزن کی تصاویر دیکھ کر ان کے مداحوں نے ان کی تعریفیں کرنا شروع کردیں جب کہ دیگر لوگوں نے بھی اداکار کو ماضی کے مقابلے میں اب بہتر حالت اور صحت میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فردین خان کی مذکورہ تصویر ممبئی میں فلم ساز مکیش چھابڑا کے دفتر کے باہر کھینچی گئی تھی اور اسی وجہ سے ہی جب فلم ساز سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ فردین خان جلد بولی وڈ میں واپسی کریں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

مکیش چھابڑا کے مطابق فردین خان اس وقت کسی اہم منصوبے کی تلاش میں ہیں اور اچھے منصوبے کی پیش کش ہوتے ہی وہ شوبز میں دوبارہ انٹری دیں گے۔

انہوں نے واضح نہیں کیا کہ فردین خان کس طرح کا منصوبہ چاہتے ہیں اور کیا ان کے ساتھ اداکار نے کسی منصوبے پر کام کرنے کے حوالے سے گفتگو کی یا نہیں؟

خیال کیا جا رہا ہے کہ فردین خان 2021 میں کسی نئی بولی وڈ فلم میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وہ کس طرح کی فلم میں دکھائی دیں گے۔

خیال رہے کہ فردین خان کے کزن زید خان بھی اداکار ہیں جب کہ ان کی کزن سوزانے خان ڈانسر ہیرو ہریتھیک روشن کی سابق اہلیہ ہیں۔

فردین خان کی بہن لیلیٰ خان کو بھی بولی وڈ پروگراموں میں دیکھا جاتا ہے تاہم انہوں نے واضح طور پر اداکاری کو نہیں اپنایا۔

فردین خان کے والد فیروز خان پٹھان تھے جب کہ ان کی والدہ سندھی تھیں، تاہم فردین خان کی پیدائش ممبئی میں ہی ہوئی، ان کے آباؤ اجداد افغانستان سے ہجرت کرکے متحدہ ہندوستان آئے تھے اور خود فیروز خان کی پیدائش بھی تقسیم ہند سے قبل متحدہ ہندوستان کے شہر بنگلورو میں ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024