• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی: 13ویں عالمی اردو کانفرنس کا اختتام

معروف مصنف انور مقصور نے اپنے مخصوص انداز میں خطاب کیا — فوٹو: بشکریہ آرٹس کونسل ٹوئٹر
معروف مصنف انور مقصور نے اپنے مخصوص انداز میں خطاب کیا — فوٹو: بشکریہ آرٹس کونسل ٹوئٹر

آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی میں منعقد ہونے والی چار روزہ 13ویں عالمی اردو کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس عالمی اردو کانفرنس آن لائن منعقد ہوئی اور اس کے سیشنز کونسل کے یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر دستیاب ہیں۔

3 دسمبر سے شروع ہونے والی 13ویں عالمی اردو کانفرنس 6 دسمبر کو اپنے اختتام کو پہنچی جس میں مختلف شخصیات نے خطاب کیا۔

مزید پڑھیں: آرٹس کونسل کراچی میں 13ویں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز

اتوار (6 دسمبر) کو اپنے اختتام کو پہنچنے والی اس کانفرنس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ، کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے مؤثر انتظامات، خاص طور پر معاشرے کے غریب طبقات کے لیے، کشمیریوں کے حقوق اور ان کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھانے، قومی اور صوبائی سطح پر ترجمے کے مراکز قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ فن، فلسفے، ادب اور معاشیات کی کتابوں کا اردو میں ترجمہ کیا جاسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ قرارداد آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے پڑھی تھی۔

جس کے بعد معروف مصنف انور مقصور نے اپنے مخصوص انداز میں خطاب کیا۔

انہوں نے عالمی وبا کو اردو ادب کے کام سے جوڑا، اس کے بعد انہوں نے اپنے طنز کی توجہ خواتین شاعروں کی طرف موڑ دی۔

ایک شاعر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ وہ نہیں جانتیں کہ غزل کی ابتدائی 2 سطروں کو کیا کہتے ہیں۔

کانفرنس کے آخری روز بات چیت کے 2 سیشن ہوئے، ہدایت کار ندیم بیگ نے ہمایوں سعید سے بات چیت کی، اداکار ہمایوں سعید نے اپنی رائے کا اظہار کیا کہ 80 سے 90 فیصد افراد جو ٹی وی ڈرامے لکھتے ہیں ان کی لکھائی میں گہرائی نہیں۔

انہوں نے سینئر ڈراما نگار جسا کہ حسینہ معین اور نورالہدیٰ شاہ کو سراہا کہ جس طرح وہ کردار لکھتی تھیں اور ان میں گہرائی ہوتی تھی۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ شوبز شخصیات کو تخلیقی وینچرز کے لیے سینئر لکھاریوں کے ساتھ مصروفِ عمل ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کی وجہ سے ڈیجیٹل میڈیم شو بزنس پر اچھے اور برے دونوں اثرات مرتب کرے گی۔

اداکار نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہونے کے بعد سنیما دوبارہ کھل جائیں گے۔

ہدایت کار ندیم بیگ نے کہا کہ سنیما انڈسٹری کو حکومت کی مداخلت کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب اداکار یاسر حسین نے سہیل احمد کا انٹرویو کیا، اداکار کیسے بنے سے متعلق سوال پر سہیل احمد نے بتایا کہ ان کے نانا ریڈیو پر ایک ادبی شو کرتے تھے جس سے وہ متاثر ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 13ویں عالمی اردو کانفرنس 3 دسمبر سے شروع ہوگی

انہوں نے کہا کہ کسی فنکار کے لیے، اگر اس کا جنون اس کا پیشہ بن جاتا ہے تو اسے اپنے لیے نعمت سمجھنا چاہیے۔

سہیل احمد نے اپنے ساتھیوں جیسا کہ عمر شریف اور مرحوم معین اختر اور امان اللہ کی تعریف کی۔

حکومت کی جانب سے ثقافت پر توجہ نہ دینے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی ثقافت کی پروا نہیں کرتی ہیں انہیں ایک جغرافیے کی تبدیلی کے خطرے کا سامنا ہوتا ہے۔

اس سے قبل، دن کا آغاز رضوان زیدی کی جانب سے اردو ادب میں تنقید کے 100 سال پر ایک نگاہ سے ہوا تھا جس کی صدارت معروف بھارتی اسکالر شفیع قدوائی نے کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اردو میں 100 سالوں کی تنقید کا تجزیہ کرنے کی کوشش کریں گے تو ہم دیکھیں گے کہ اس کا تعلق علی گڑھ تحریک سے ہے۔

محمد حسین آزاد، جنہوں نے آب حیات تحریر کی، مولانا الطاف حسین حالی اور شبلی نے تنقید کی بنیاد رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی مقامی طور پر تیار کیا جارہا ہے اس کی عالمی جہت ہوگی، اسی تناظر میں انہوں نے راجندر بیدی کی کہانی ایک چادر میلی سی کی مثال دی تھی۔

ان سے قبل لاہور سے ڈاکٹر حمیدہ شاہین نے اردو تنقید پر ثقافتی یلغار کے اثرات کے بارے میں بات کی تھی۔

ڈاکٹر حمیدہ شاہین نے تنقید کا تعلق مغربی تہذیب سے جوڑا اور نشاندہی کی کہ اس کے اثرات کو مسترد کرنے اور قبول کرنے دونوں کی جانچ کی ضرورت ہے۔

علاوہ ازیں اداکار قاضی عابد نے کہا کہ ہمارے تنقید نگاروں نے مصنف کی آواز کو اس کی زندگی یا کہانی کے نفسیاتی تناظر کے حوالے سے زیادہ اہمیت دینے کی کوشش کی ہے لیکن مواد میں اپنی آواز سننے کی اہلیت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج ہم پریم چند کی پسند کی لکھی گئی کہانیوں کے بارے میں نئی رائے جانتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024