• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کورونا کی دوسری لہر: کراچی میں مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ

شائع December 7, 2020
کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 21.31 فیصد ریکارڈ کی گئی—فائل فوٹو: رائٹرز
کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 21.31 فیصد ریکارڈ کی گئی—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مجموعی طور پر مثبت کیسز آنے کی شرح بڑھ کر 9.71 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ کراچی میں سب سے زیادہ 21.31 فیصد کا تناسب دیکھا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا صبح کے سیشن کا اجلاس ہوا، جہاں چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس کو ملک میں کورونا وائرس کیسز کی مثبت شرح، وفاقی اکائیوں کی جانب سے ایس او پیر کی تعمیل میں اٹھائے گئے اقدامات اور دوسری لہر کے دوران اہم ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں 5 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 3 ہزار 795 کورونا کیسز

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں روزانہ 40 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ ہفتے 40 فیصد ٹیسٹ کنٹریکٹ ٹریسنگ (رابطے میں آنے والے افراد) پر کیے گئے۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ 81 فیصد مثبت کیسز بڑے شہری مراکز سے رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان بھر میں 4 ہزار 503 مقام پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز ہے جس کے زیر اثر 15 لاکھ 12 ہزار 903 افراد ہیں۔

ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق صوبوں کی صورتحال پر این سی او سی کو بتایا گیا کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جرمانے کرنے، پابندیاں لگانے سمیت مختلف انتظامی اقدامات کیے گئے۔

صوبوں کی جانب سے بتایا گیا کہ 5 سے 12 دسمبر تک 'ہفتہ تعمیل ایس او پی' کے دوران خاص طور پر مختلف سرگرمیاں کی جارہی ہیں۔

اجلاس میں ملک کی کورونا وائرس کی مثبت شرح سے متعلق بھی بتایا گیا، جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ تناسب 9.71 فیصد رہا۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سے زیادہ مثبت کیسز کی شرح ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 21.31 فیصد ریکارڈ ہوئی، جس کے بعد ایبٹ آباد 17.86 فیصد کے دوسرے اور پشاور 16.66 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبرپر رہا۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ملک بھر میں 2 ہزار 539 کووڈ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

صوبوں اور علاقوں میں مثبت شرح کو دیکھیں تو سندھ میں سب سے زیادہ 15.83 فیصد رہی، جس کے بعد آزاد کشمیر میں 11.93 فیصد، بلوچستان میں 11.61 فیصد، خیبرپختونخوا میں 8.22 فیصد، اسلام آباد میں 8.20 فیصد، پنجاب میں 5.54 فیصد اور گلگت بلتستان میں 2.89 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

سندھ

کراچی: 21.31 فیصد

حیدرآباد: 14.00 فیصد

پنجاب

لاہور: 9.74 فیصد

راولپنڈی: 12.09 فیصد

فیصل آباد: 5.28 فیصد

خیبرپختونخوا

پشاور: 16.66 فیصد

سوات: 4.27 فیصد

ایبٹ آباد: 17.86 فیصد

بلوچستان

کوئٹہ: 7.05 فیصد

اسلام آباد:

آئی سی ٹی: 8.20 فیصد

گلگت بلتستان

گلگت: 9.09 فیصد

آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور مظفرآباد کے اعداد و شمار سامنے نہیں آئے۔

یہ بھی پڑھیں: روس کی پاکستان کو کووڈ-19 ویکسین کی فراہمی کی پیش کش

این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا کے 322 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، جس میں صوبہ پنجاب کے شہروں میں لاہور میں 91، ملتان 45، راولپنڈی 19 اور فیصل آباد میں 3 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

اسی طرح این سی او سی کے مطابق صوبہ سندھ میں کراچی میں 82 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ حیدرآباد میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پشاور میں 43 اور ایبٹ آباد میں کوئی مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر نہیں، مزید یہ اسلام آباد میں کورونا کے 39 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024