• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

امریکا نے چین کے ساتھ 5 ثقافتی پروگرام ختم کردیے

شائع December 6, 2020
مائیک پومپیو کے مطابق ختم کیے گئے تبادلہ پروگرام کی مکمل ادائیگی اور آپریشنز چینی حکومت پروپیگنڈے کے طور پر کررہی تھی - فائل فوٹو:اے پی
مائیک پومپیو کے مطابق ختم کیے گئے تبادلہ پروگرام کی مکمل ادائیگی اور آپریشنز چینی حکومت پروپیگنڈے کے طور پر کررہی تھی - فائل فوٹو:اے پی

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے دور اقتدار کے خاتمے سے قبل چین کے ساتھ 5 ثقافتی تبادلے کے پروگرام ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چینی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیے جارہے تھے اور اس کا امریکا کو کوئی فائدہ نہیں تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ثقافتی پروگراموں کا خاتمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن نے حال ہی میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اراکین کے امریکا میں قیام کے حوالے سے ویزا پابندیاں عائد کی تھیں جس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدے پر رہنے کے آخری ہفتوں میں بیجنگ کے ساتھ تعلقات میں مزید کشیدگی کا عندیہ ملتا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کی جانب سے سفیروں پر پابندی، چین کی جوابی کارروائی کی دھمکی

امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ختم کیے گئے تبادلہ پروگرام کی مکمل ادائیگی اور آپریشنز چینی حکومت پروپیگنڈے کے طور پر کررہی تھی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے عہدے داروں کو سہولت فراہم کی جارہی تھی نہ کہ چینی عوام کو، جو آزادی اظہار رائے سے لطف اندوز نہیں ہوتے۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے پالیسی سازوں کے تعلیم کے لیے دورہ چین پروگرام، امریکا-چین فرینڈشپ پروگرام، امریکا-چین لیڈرشپ ایکسچینج پروگرام، امریکا-چین ٹرانسپیسیفک ایکسچینج پروگرام اور ہانگ کانگ ایجوکیشنل اینڈ کلچرل پروگرام کو ختم کیا۔

ہر پروگرام کے ذریعے امریکی عہدیداروں کو چین میں بیجنگ کے خرچ پر سفر کرنے کی اجازت ملتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے ایک اور شعبے میں امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا چین کے ساتھ ثقافتی پروگراموں کے باہمی اور منصفانہ تبادلے کا خیرمقدم کرتا ہے اور باہمی فائدہ مند افراد کا تبادلہ جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے ویزوں پر نئی وقت کی حد کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ان کے سفری دستاویزات کی مدت 10 سال سے بڑھا کر ایک ماہ کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ انسانی حقوق، کورونا وائرس وبا، تجارت، ٹیکنالوجی، تائیوان اور دیگر بہت سے امور پر تنازع بڑھنے پر ٹرمپ انتظامیہ نے چین کے خلاف متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024