ٹک ٹاک اسٹار ذوالقرنین سکندر نے بھی ایک کروڑ فالوورز کا اعزاز حاصل کرلیا
ویڈیو شیئرنگ سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک جہاں دنیا بھر میں مقبول ہے تو وہیں پاکستان میں بھی بہت بڑی تعداد میں ٹک ٹاک صارفین موجود ہیں اور اس پر مقامی ٹک ٹاکرز بھی کافی مقبول ہیں۔
اکتوبر میں پاکستانی ٹک ٹاکر جنت مرزا اس ویڈیو ایپلی کیشن پر ایک کروڑ فالوورز کے ساتھ پہلی پاکستانی ٹک ٹاکر بن گئی تھیں اور ان کے بعد کنول آفتاب نے بھی یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اور اب ٹک ٹاک اسٹار ذوالقرنین سکندر نے بھی ایک کروڑ فالوورز کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، اس کے ساتھ ہی وہ پہلے پاکستانی لڑکے ہیں جن کے ایک کروڑ فالوورز ہیں۔
مزید پڑھیں: جنت مرزا ایک کروڑ فالوورز والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاکر
ذوالقرنین سکندر کی اس کامیابی پر ٹک ٹاک اسٹار کنول آفتاب نے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد دیتے ہوئے ٹک ٹاک پر ان کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔
خیال رہے کہ ذوالقرنین سکندر نے 2018 میں اپنے دوستوں کے ساتھ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کا آغاز کیا تھا اور اپنے انداز کی وجہ سے وہ مداحوں میں کافی مقبول ہوئے۔
ان دنوں وہ نجی چینل ایکسپریس ٹی وی کے ڈرامے 'ماسٹرز' میں اداکاری کررہے ہیں جو ان کا پہلا ڈراما ہے۔
علاوہ ازیں وہ جلد ہی دیگر ٹک ٹاک اسٹارز جنت مرزا اور علشبہ انجم کے ساتھ ایک شارٹ فلم میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا، سید نور کی آنے والی کی فلم کی ہیروئن
قبل ازیں ذوالقرنین سکندر کو ایک فیئرنس کریم کے اشتہار میں کام کرنے پر مداحوں کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خیال رہے کہ رنگت کو ہی خوبصورتی کا معیار سمجھا جاتا ہے تاہم اب کچھ شوبز شخصیات کی جانب سے بھی ایسی مصنوعات کی تشہیر کی مخالفت کی جارہی ہے۔