کورونا کے باعث سنڈانس فلم فیسٹیول ورچوئل منعقد کرنے کا اعلان
امریکا میں ہونے والے بڑے فلم فیسٹیولز میں سے ایک سنڈانس فلم فیسٹیول کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ کورونا کے باعث اس بار فیسٹیول کو ورچوئل منعقد کیا جائے گا۔
سنڈانس فلم فیسٹیول کو امریکا کے بڑے فلمی میلوں میں شمار کیا جاتا ہے، عام طور پر یہ فیسٹیول ایک ہفتے تک جاری رہتا ہے۔
سنڈاس فلم فیسٹیول میں دنیا بھر کی فلمیں دکھائی جاتی ہیں جب کہ فیسٹیول میں ایوارڈز دیے جانے سمیت شوبز شخصیات کے پینلز پر مشتمل پروگرامات بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔
مذکورہ فلم فیسٹیول عام طور پر جنوری کے آخر اور فروری کے آغاز میں ہوتا اور اس بار بھی امکان ہےکہ فیسٹیول اپنے مقررہ وقت پر ہوگا مگر اس سال فیسٹیول ورچوئل ہوگا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا کے باعث اس سال فیسٹیول کو ورچوئل منعقد کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے تصدیق کی کہ اگرچہ اس سال فلم فیسٹیول کو آن لائن منعقد کیا جائے گا، تاہم امریکا کی مختلف ریاستوں میں کورونا سے تحفظ کی سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ تھیٹرز میں بھی فیسٹیول کی فلمیں دکھائے جانے کا انتظام کیا جائے گا۔
اس سال سنڈانس فلم فیسٹیول میں امریکا، برطانیہ و دیگر پورپی ممالک سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی 70 سے زائد فلمیں دکھائی جائیں گی، فیسٹیول کا انعقاد امریکی ریاست اٹاہ میں کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'آسکر' ایوارڈز تقریب ورچوئل نہیں ہر سال کی طرح ہوگی، انتظامیہ
خیال کیا جا رہا ہے کہ اس بار بھی سنڈانس فلم فیسٹیول کا آغاز ہر سال کی طرح جنوری کے اختتام اور فروری کے آغاز میں ہوگا۔
سال 2020 کا سنڈانس فلم فیسٹیول 27 جنوری سے 3 فروری تک جاری رہا تھا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ 2021 میں بھی ان ہی تاریخوں پر فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔
سنڈانس فلم فیسٹیول کی طرح دنیا کے دیگر فلم فیسٹیولز کی انتظامیہ نے بھی کورونا کے باعث اس سال یا تو فیسٹیولز کو منسوخ کردیا ہے یا پھر انہیں ورچوئل منعقد کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بعض فلم فیسٹیولز کو اگرچہ نہ تو ورچوئل منعقد کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں ملتوی کیا گیا ہے، تاہم ایسے فیسٹیولز کو بھی محدود اور مختصر کردیا گیا ہے۔