صوفیانہ موسیقی کی مقبولیت
کراچی: معروف گلوکار عابدہ پروین نے کہا ہے کہ پاکستان کی صوفیانہ موسیقی دنیا بھر میں مقبول ہے دنیا بھر میں ہمارے فنکاروں کا کام کرنا پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوفیانہ کلام پوری دنیا میں بڑی تیزی سے مقبولیت حاصل کرتا جا رہا ہے یہ سب اس موسیقی کا اثر ہے، جس نے ان فنکاروں کو دنیا بھر میں منفرد مقام دلوایا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کے صوفیانہ کلام پوری دنیا میں مقبول ہیں، بہت سے لوگ اس کلام کو بنا سمجھے اس پر جھومتے ہیں اور اس کے سحر میں ڈوب جاتے ہیں، موسیقی کو کسی بھی سرحد میں قید نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی موسیقی تقریباً ملتی جلتی ہے، ان کے ہاں بھجن گائے جاتے ہیں لیکن وہ صرف ان کی اپنی کمیونٹی تک محدود ہیں لیکن ہمارے بزرگوں کا صوفیانہ کلام پوری دنیا میں مقبول ہے۔
پروین کے مطابق، ایک اچھی موسیقی وہ ہوتی ہے جو دلوں کو چھو لے، پاکستان میں آج بہت سارے گلوکار صوفیانہ کلام پڑھ رہے ہیں اور اب اس موسیقی میں بھی جدت آتی جا رہی ہے۔
لوگوں کا اس طرف بہت گہرا لگاؤ ہے جس کی وجہ سے آج صوفیانہ کلام ہر طبقے ہر عمر میں مقبول ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ صوفیانہ موسیقی نے پوری دنیا کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے، دنیا کے کسی کونے میں بھی چلے جائیں ہر جگہ صوفیانہ موسیقی کو بے حد پذیرائی ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوفیانہ کلام بزرگوں کا کلام ہے اور یہ انہی کی برکت سے اپنے اندر سحر رکھتا ہے۔