• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ماضی کا مقبول پاکستانی ڈراما 'دیارِ دل' زی فائیو پر ریلیز

شائع December 5, 2020
ڈرامے کو ابتدائی طور پر ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
ڈرامے کو ابتدائی طور پر ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

اگرچہ گزشتہ ماہ نومبر کے وسط میں پاکستان کے مرکزی بینک اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ 'زی فائیو' کی سبسکرپشن پر پابندی عائد کی تھی، تاہم اس باوجود اس پر ماضی کا مقبول پاکستانی ڈراما ریلیز کردیا گیا۔

اسٹیٹ بینک نے 13 نومبر کو 'زی فائیو' سمیت دیگر بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کی سبسکرپشن پر پابندی لگائی تھی، جس متعلق بعد ازاں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وضاحت کی تھی کہ بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹس کی سبسکرپشن پر پابندی عدم ٹیکس ادائیگی کی بنا پر لگائی گئی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر زی فائیو پاکستان میں اپنا دفتر کھولے اور حکومت کو ٹیکس ادا کرے تو اس کی سبسکرپشن بحال کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ’زی فائیو‘ سمیت بھارتی مواد کی سبسکرپشن پر پابندی

اگرچہ حکومت نے زی فائیو کی سبسکرپشن پر پابندی لگا رکھی ہے، تاہم اس باوجود اسٹریمنگ ویب سائٹ نے 2015 میں ریلیز ہونے والے مقبول ڈرامے 'دیارِ دل' کو ریلیز کردیا۔

زی فائیو کی جانب سے ٹوئٹ میں 3 دسمبر کو بتایا گیا کہ مقبول پاکستانی ڈرامے 'دیارِ دل' کی تمام اقساط اسٹریمنگ ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکار علی رحمٰن کو بھی مینشن کیا، جنہوں نے بعد ازاں اپنی ایک ٹوئٹ میں ڈرامے کو زی فائیو پر ریلیز کرنے کا بتایا۔

'دیارِ دل' کو ابتدائی طور پر 2015 کے آغاز میں ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا جو سال کے اختتام تک نشر ہوتا رہا۔

'دیارِ دل' کو کہانی، کاسٹ اور منظر نگاری کی وجہ سے کافی سراہا گیا تھا اور اسے کئی حوالوں سے منفرد ڈراما قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سچا پیار تلاش کرنے پر مبنی پاکستانی ویب سیریز زی فائیو پر ریلیز

ڈرامے کی کہانی آغا جان (عابدعلی) کے خاندان کے گرد گھومتی ہے جو ایک سردار اور ایک والد کی حیثیت میں ایسے شخص ہوتے ہیں جن کی محبت اور شفقت اولاد سے فرمانبرداری کا مطالبہ کرتی ہے۔

ڈرامے میں وہ خود کو ایسا فرد قرار دیتے ہیں جومنطق کی بجائے دل سے کام کرتا ہے اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بڑا بیٹا بہروز (میکال ذوالفقار) ان کے بھائی کی بیٹی ارجمند (حریم فاروق) سے شادی کرلے۔

ڈرامے کی کہانی میں اس وقت ایک نیا موڑ آتا ہے جب بہروز کی ملاقات لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک سادہ سی لڑکی روحینہ (صنم سعید) سے ہوتی ہے اور پھر وہ اپنے والد کی خواہشات پرعمل کرنے سے انکار کردیتا ہے۔

'دیارِ دل' کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی جب کہ اس کی ہدایات حسیب حسن نے دیں اور اسے مومنا درید پروڈکشن کی جانب سے بنایا گیا۔

ڈرامے نے کافی مقبولیت حاصل کی تھی—اسکرین شاٹ
ڈرامے نے کافی مقبولیت حاصل کی تھی—اسکرین شاٹ

ڈرامے کی کاسٹ میں عابد علی، صنم سعید، بہروز سبزواری، مایا علی، حریم فاروق، مریم نفیس، عثمان خالد بٹ اور علی رحمٰن خان سمیت دیگر شامل تھے۔

زی فائیو نے رواں برس جولائی میں 'دیارِ دل' کا ٹریلر بھی جاری کیا تھا اور اب اس کی تمام قسطیں بھی ریلیز کردیں۔

زی فائیو پر پہلے ہی پاکستانی ڈرامے اور ویب سیریز 'چڑیلز' و 'ایک جھوٹی لو اسٹوری' ریلیز کی جا چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024