• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

شوٹنگ کے دوران ورن دھون و نیتو کپور سمیت تین افراد کورونا کا شکار

شائع December 4, 2020
تین افراد میں کورونا کی تشخیص کے بعد شوٹنگ روک دی گئی—فوٹو: انیل کپور ٹوئٹر
تین افراد میں کورونا کی تشخیص کے بعد شوٹنگ روک دی گئی—فوٹو: انیل کپور ٹوئٹر

کورونا سے متاثر دنیا کے تین بڑے ممالک میں شمار ہونے والے بھارت میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار ورون دھون اور نیتو کپور سمیت کم از کم ٹیم کے تین ارکان کورونا کا شکار ہوگئے جب کہ انیل کپور اور کیارہ اڈوانی میں بھی کورونا کی تشخیص کی چہ مگوئیاں ہیں۔

بھارت اس وقت کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے اور وہاں پر 4 دسمبر کی صبح تک کورونا مریضوں کی تعداد 96 لاکھ کے قریب جا پہنچی تھی۔

نئی دہلی ٹیلی وژن (این ڈی ٹی وی) کے مطابق بھارت میں کورونا کے شکار ہونے والے 96 لاکھ کے قریب افراد میں سے 90 لاکھ افراد 4 دسمبر کی صبح تک صحت یاب ہوچکے تھے۔

اسی طرح بھارت میں 4 دسمبر کی صبح تک کورونا سے مرنے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 188 تک جا پہنچی تھی۔

جگ جگ جیو فلم میں ورون دھون اور کیارہ اڈوانی میاں بیوی کا کردار ادا کریں گے—فوٹو: ورون دھون ٹوئٹر
جگ جگ جیو فلم میں ورون دھون اور کیارہ اڈوانی میاں بیوی کا کردار ادا کریں گے—فوٹو: ورون دھون ٹوئٹر

بھارت میں 4 دسمبر کی صبح تک کورونا کے 5 لاکھ کے قریب مریض ہسپتالوں و گھروں میں زیر علاج و قرنطینہ میں موجود تھے۔

اگرچہ بھارت میں کورونا کے یومیہ کیسز 50 ہزار تک آ رہے ہیں تاہم اس کے باوجود وہاں پر معمولات زندگی بحال کردیئے گئے ہیں اور اب فلموں کی شوٹنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔

فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی ورون دھون، نیتو کپور اور فلم ساز راج مہتا کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی ہے جب کہ اسی ٹیم میں شامل اداکار انیل کپور اور کیارہ اڈوانی میں بھی کورونا وائرس کی چہ مگوئیاں ہیں۔

شوبز میگزین فلم فیئر نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے تصدیق کی کہ چندی گڑھ میں آنے والی فلم ’جگ جگ جیو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ورون دھون، نیتو کپور اور فلم کے ہدایت کار راج مہتا میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

فلم میں ممکنہ طور پر انیل کپور و نیتو کپور والدین کا کردار ادا کریں گے—فوٹو: انیل کپور ٹوئٹر
فلم میں ممکنہ طور پر انیل کپور و نیتو کپور والدین کا کردار ادا کریں گے—فوٹو: انیل کپور ٹوئٹر

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ خبریں ہیں کہ کیارہ اڈوانی اور انیل کپور میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی اور بتایا کہ مذکورہ دونوں اداکاروں کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

دوسری جانب شوبز ویب سائٹ بولی وڈ ہنگامہ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیتو کپور، ورون دھون اور راج مہتا میں کورونا کی تصدیق کردی گئی جب کہ انیل کپور اور کیارہ اڈوانی میں کورونا کی تشخیص کی تصدیق نہیں کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ فلم کی شوٹنگ کے دوران سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں اور سماجی فاصلوں کو بھی یقینی بنایا گیا تھا تاہم اس باوجود ٹیم ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

فلم کی ٹیم میں شامل تین افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد فلم کی شوٹنگ بند کرکے باقی ارکان کو بھی قرنطینہ میں چلے جانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

فلم کی شوٹنگ گزشتہ ماہ نومبر کے وسط میں شروع کی گئی تھی اور فلم کی شوٹنگ شروع ہونے کے وقت انیل کپور نے اپنی ٹوئٹ پر نیتو کپور، ورون دھون، کیارہ اڈوانی اور دیگر افراد کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں تمام افراد کو فیس ماسک کے بغیر دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار سنی دیول بھی کورونا کا شکار

ورون دھون، نیتو کپور اور راج مہتا سے قبل اداکار سنی دیول میں بھی تین دن قبل کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جب کہ اس سے قبل بھی متعدد بولی وڈ شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں، تاہم اب ان میں سے تقریبا تمام شخصیات صحت یاب ہوچکی ہیں۔

کورونا سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے، جینیلیا ڈی سوزا اور کرن کمار، آفتاب شیوداسانی سمیت دیگر شامل تھے جو اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔

تین دن قبل سنی دیول میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
تین دن قبل سنی دیول میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024