• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہولی وڈ اسٹوڈیو کا آئندہ سال تمام فلمیں آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان

شائع December 4, 2020
آئندہ سال وارنر برادرز دو درجن کے قریب فلمیں ریلیز کرے گا—فوٹو: اے پی
آئندہ سال وارنر برادرز دو درجن کے قریب فلمیں ریلیز کرے گا—فوٹو: اے پی

رواں برس کورونا کے باعث دنیا بھر میں سینما بند ہونے کے باعث جہاں درجنوں فلمیں ریلیز نہیں ہو پائیں، وہیں درجنوں فلموں کو آن لائن ریلیز کیا گیا۔

تاہم ہولی وڈ کے بہت بڑے پروڈکشن ہاؤس 'وارنر برادرز' نے آئندہ سال اپنی تمام فلمیں آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

جی ہاں، ہولی وڈ کی میگا بجٹ، سائنس فکشن، رومانٹک، ایکشن تھرلر، کامیڈی و ہسٹوریکل فلموں سمیت ہر طرح کی فلمیں بنانے والے پروڈکشن ہاؤس 'وارنر برادرز' نے 2021 میں تمام فلمیں آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق 'وارنر برادرز' کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ آئندہ سال وہ اپنی تمام فلموں کو ابتدائی طور پر آن لائن ریلیز کریں گے۔

اسٹوڈیو کے مطابق فلموں کو اسٹریمنگ ویب سائٹ 'ایچ بی او میکس' پر ریلیز کیا جائے گا، جس کے کچھ ہی دن بعد فلموں کو سینما گھروں میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

آئندہ سال میٹرکس سیریز کی نئی فلم بھی آن لائن ریلیز کی جائے گی—اسکرین شاٹ/ فوٹو: اے پی
آئندہ سال میٹرکس سیریز کی نئی فلم بھی آن لائن ریلیز کی جائے گی—اسکرین شاٹ/ فوٹو: اے پی

اسٹوڈیو کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ مذکورہ منصوبے ابتدائی طور پر صرف ایک سال کے لیے ہے اور سال 2021 میں 'وارنر برادرز' کی جانب سے بنائی گئی تمام ہی فلموں کو پہلے ایچ بی او میکس پر ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ 'ایچ بی او میکس' کی سہولت صرف امریکا میں دستیاب ہے، باقی دنیا میں اسٹوڈیو اپنی فلموں کو سینماؤں میں ہی ریلیز کرے گا لیکن دوسرے ممالک میں اس وقت ہی فلمیں ریلیز ہوں گی جب فلم پہلے آن لائن ریلیز کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 'ونڈر وومن 1984' کو کرسمس پر آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان

آئندہ سال 'وارنر برادرز' کی 2 درجن کے قریب فلمیں ریلیز ہونی ہیں، جن میں میگا بجٹ فلمیں بھی شامل ہیں۔

آئندہ سال اسٹوڈیو 'میٹرکس و گاڈزلا سیریز کی نئی فلموں سمیت، سوسائٹڈ اسکواڈ، ٹام اینڈ جیری، دی کنجرنگ، کنگ رچرڈ، جڈاس اینڈ دی بلیک مسیحا' سمیت دیگر فلمیں ریلیز کرے گا۔

ٹام اینڈ جیری کی نئی فلم کو بھی پہلے آن لائن ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ/ فوٹو: اے پی
ٹام اینڈ جیری کی نئی فلم کو بھی پہلے آن لائن ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ/ فوٹو: اے پی

یہی نہیں بلکہ 'وارنر برادرز' رواں ماہ 16 دسمبر کو اس سال کی میگا بجٹ سائنس فکشن سپر ہیرو فلم 'ونڈر وومن 1984' کو بھی ابتدائی طور پر 'ایچ بی او میکس' پر ریلیز کرے گا جب کہ بعد میں کرسمس کے موقع پر فلم کو سینما تھیٹرز میں ریلیز کیا جائے گا۔

'وارنر برادرز' کی جانب سے اپنی فلموں کو آن لائن ریلیز کیے جانے کے اعلان کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر دوسرے فلم اسٹوڈیوز بھی اپنی فلموں کو نیٹ فلیکس سمیت دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر ریلیز کرنے کا اعلان کریں گے۔

رواں برس کورونا کے باعث سینما تھیٹرز کی بندش کی وجہ سے فلموں کو آن لائن دیکھے جانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور اسٹریمنگ ویب سائٹ بھی اسی موقع کا فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ فلمیں ریلیز کرنا چاہتی ہیں۔

اسٹوڈیو ونڈر وومن 1984 کو بھی رواں ماہ پہلے آن لائن ریلیز کرے گا—اسکرین شاٹ/ فوٹو: رائٹرز
اسٹوڈیو ونڈر وومن 1984 کو بھی رواں ماہ پہلے آن لائن ریلیز کرے گا—اسکرین شاٹ/ فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024