• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بنگلہ دیشی وزیر اعظم کا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور

شائع December 4, 2020
بنگلہ دیشی وزیر اعظم اور پاکستان کے ہائی کمشنر کے درمیان ڈھاکا میں غیر معمولی ملاقات ہوئی - فوٹو:ڈان
بنگلہ دیشی وزیر اعظم اور پاکستان کے ہائی کمشنر کے درمیان ڈھاکا میں غیر معمولی ملاقات ہوئی - فوٹو:ڈان

اسلام آباد: بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ڈھاکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے ملاقات کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے بعد سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی جانب سے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی میکانزم کو بحال کرنے کا امکان ہے۔

یہ پاکستان کے مندوب اور بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے درمیان ایک غیر معمولی ملاقات تھی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے بعد رواں سال اس میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا بنگلہ دیشی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، کورونا اقدامات پر تبادلہ خیال

ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ 'دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا'۔

پاکستان اور بنگلہ دیش میں متعدد باہمی میکانزم موجود ہیں تاہم بیشتر برسوں سے معطل ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ ان ممالک کے سیکریٹری خارجہ کے درمیان ایک ڈائیلاگ، جو قریب 12 سال سے نہیں ہوا، مستقبل قریب میں دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔

ذرائع، جسے اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنے سرکاری فرائض ادا کرنے میں ہائی کمشنر کو ان کے 'مکمل تعاون' کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: 'بنگلہ دیش کا جھکاؤ پاکستان اور چین کی جانب بڑھنے لگا'

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے جولائی میں اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب سے فون پر بات کی تھی اور 'باہمی اعتماد، باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا'۔

بیان کے مطابق ہائی کمشنر نے ملاقات کے دوران عمران خان کی جانب سے شیخ حسینہ واجد کو خیر سگالی اور دوستی کا پیغام پہنچایا جس پر انہوں نے پاکستان کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'ہائی کمشنر نے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو آگاہ کیا کہ حکومت اور پاکستانی عوام کے دل میں بنگلہ دیشی قیادت اور لوگوں کے لیے عزت اور پیار ہے، وزیر اعظم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024