• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پاکستانیوں کی ‘حُبِ حیوان’

شائع December 2, 2020

دنیا کو پاکستان کا سوفٹ امیج اور روشن چہرہ دکھانے کے لیے ہم نے بہت کچھ کیا، لیکن اپنا ایک نہایت روشن پہلو ہم خود بھی نہیں دیکھ پارہے تو اوروں کو کیا دکھائیں گے؟

یہ پہلو ہے جانوروں سے ہماری محبت۔ اس معاملے میں ہم بے مثال قوم ہیں۔ اس محبت کی ابتدا ہماری شاعری سے ہوئی۔ ہمارے شاعروں کا معشوق بننے کے لیے حیوانی خصوصیات کا حامل ہونا لازمی قرار پایا۔

جیسے ہرنی سی چال، ہرن سی آنکھیں، ناگ سی زلفیں، چیتے سی کمر، کوئل سی آواز، تو اس شاعری کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ شہروں میں پلنے بڑھنے والی نئی نسل کو جانوروں کی اہم خاصیتیں شاعری پڑھ کر بلاتردد معلوم ہوگئیں۔

مزید پڑھیے: بھائی ٹرمپ اور بی بی میلانیا کی حالیہ گفتگو

علامہ اقبال نے تو خیر اپنے مردِ مومن کے لیے شاہین صفت ہونا فرض کردیا۔ اس فریضے نے مردِ مومن ہونے کا فریضہ اتنا مشکل کردیا کہ کوئی یہ منصب سنبھالنے کو تیار نہیں۔

اردو شعرا نے حیوان صفت محبوب پر شاعری کرکے ہی جانوروں سے محبت کا ثبوت نہیں دیا بلکہ براہِ راست بے زبان مخلوق پر بھی سخن آرائی کی۔ شاعرِ مشرق نے تو ‘جس’ کی گود میں بلی دیکھی اسے چھوڑ کر بلی پر نظم لکھ ڈالی۔

اسمعٰیل میرٹھی فرما گئے، ’رب کا شکر ادا کر بھائی، جس نے ہماری گائے بنائی’۔ اس سے یہ نہ سمجھا جائے کہ شاعر صرف گائے بنانے ہی پر رب کا شکر ادا کرنے کا قائل ہے، دراصل یہ میرٹھ کے کبابوں کا اثر ہے، جو گائے بنانے پر شکر اور شعر کی صورت ادا ہوا۔

جانوروں کی یہ محبت شاعری سے گزرتی ہوئی ہمارے سماج اور سیاست کا حصہ بن چکی ہے۔ چنانچہ ہم نے انسانی آبادیاں بھی جانوروں کے نام پر بسا ڈالیں اور کئی جگہوں کو ان سے موسوم کردیا۔

بھینس کالونی، گیڈر کالونی، مچھر کالونی، گھوڑا گلی، ناگن چورنگی ہماری حُب حیوان کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ہم یہ وضاحت کردیں کہ گیدڑ کالونی میں گیدڑ نہیں رہتے، مچھر کالونی مچھروں کی بستی نہیں، گھوڑا گلی گھوڑوں کا مسکن نہیں اور ناگن چورنگی پر کوئی ناگن اپنے بنگلے میں براجمان نہیں، یہ سارے نام محض حیوانوں کی محبت میں دیے گئے ہیں۔

یہ ایسا ہی ہے جیسے وزیرستان میں کسی وزیر اور اسلام آباد میں اسلام کا ہونا ضروری نہیں۔ رہی بھینس کالونی، یہاں البتہ بھینسوں کے باڑے ہیں، جو خالص دودھ دیتی ہیں اور دودھ کی فراہمی اور اس میں پانی ملانے کے لیے انسان ان کے ساتھ آباد ہیں۔ آپ نے دیکھا، ضرورت کے وقت انسان ہی بھینسوں کے کام آتا ہے۔

یہ جانوروں سے محبت ہی ہے کہ ہمارے بہت سے حکمراں اور رہنما آستین میں سانپ پالتے ہیں، سفید ہاتھی پالنے کا تو انہیں بہت ہی شوق ہے۔ ‘اداروں’ کی سطح پر تو یہ شوق جنون بن جاتا ہے۔ جیسے محکمہ جنگلی حیات، جو معدوم ہوتے جانوروں کا تحفظ یقینی بناتا ہے، اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ سب ادارے ایک سے نہیں ہوتے، کوئی ‘معدوم’ کرتا ہے تو کوئی معدوم ہونے سے بچاتا بھی ہے۔

یہ اور اس جیسے کئی ادارے جانوروں کے مفادات کا تحفظ پوری دیانت داری سے کرتے ہیں، جواباً جانور بھی ان سے وفاداری نبھاتے ہیں، خاص طور پر ‘وفادار’ جانور۔

مزید پڑھیے: وسیم اختر کے خطوں کا مجموعہ ‘خطوط غائب’

ہماری سیاست میں تو جانوروں سے پیار کی روایت نہایت مستحکم ہے، جس کا آغاز سیاستدانوں کو شیر کا خطاب دینے سے ہوا تھا۔ لیکن سیاستدانوں کے شیر ہونے کا ملک میں جنگل کا قانون ہونے سے کوئی تعلق نہیں، کیونکہ یہ وحشی جنگلی نہیں بلکہ بڑے تربیت یافتہ شیر ہیں، جانتے ہیں کب شیر بننا ہے کب بلی۔

اسی روایت کے تحت ہمارے ہاں خدمت کے لیے ایک درندے کے نام پر ‘ٹائیگر فورس’ بنائی جاتی ہے اور جمہوریت کی خاطر جنگل کے بادشاہ سے منسوب ‘شیر جوان تحریک’ وجود میں آتی ہے۔

ہمیں حیرت ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی طرح اب تک دوسری سیاسی جماعتوں نے حیوانی ناموں والی تنظیمیں کیوں نہیں بنائیں؟ اگر جانوروں کے نام کے انتخاب کا مسئلہ ہے تو وہ ہم حل کیے دیتے ہیں۔

آصف زرداری صاحب کے گھوڑے پالنے کے شوق اور ‘گھوڑوں کے بیوپار’ میں مہارت کے پیش نظر پاکستان پیپلزپارٹی اپنا ‘گھوڑا لشکر’ بناسکتی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان جو ‘ان دنوں’ نفیس لوگوں کی جماعت ہونے کا اعزاز رکھتی ہے، اپنی نئی تنظیم کے لیے کسی نفیس اور شریف جانور کا نام اختیار کرسکتی ہے، جیسے ‘فاختہ جُھنڈ’ یا ‘عسکرِ بکری’۔ امکان ہے کہ یہ نام بگڑ کر ‘عسکری بکری’ ہوجائے گا، خود ایم کیو ایم کی طرح۔

جماعت اسلامی آج کل باز کی طرح تنہا پرواز کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، سو اسے باز کا نام اپنانا ہی زیب دیتا ہے۔ مثال کے طور پر ‘باز جتھا’ یا شیر جوان کی طرز پر ‘باز جوان’، تاہم یہ احتیاط ملحوظ رہے کہ ‘باز’ بطور لاحقہ ہی استعمال ہو، بطور سابقہ نہیں!

جمعیت علمائے اسلام (ف) عرصے بعد حکومت سے باہر بھی ہے اور حکمرانوں پر برہم بھی، اس برہمی کا تقاضا ہے کہ اس کی تنظیم ‘بُل فورس’ کے نام سے سامنے آئے، مگر مسئلہ یہ ہے کہ ‘سُرخ’ جھنڈے والی عوامی نیشنل پارٹی بھی اس کے ساتھ ہے، لہٰذا ‘بُل فورس’ کو لال رومال دکھائے بغیر یا تحریک انصاف کے پرچم کے نصف لال پر گزارہ کرتے ہوئے متحرک کرنا ہوگا۔

مسلم لیگ (ق) جیسی بھلے مانسوں کی جماعت پر درندوں اور جنگلی جانوروں کا نام اختیار کرنا نہیں سجے گا، وہ تو کسی پالتو جانور کے نام پر اپنی تنظیم بنائے، مثلاً ‘گھر کی مُرغیاں’ یا ‘بھیڑوں کا ریوڑ’۔

مزید پڑھیے: الفاظ پرانے مفہوم نیا

ہمارے محبوب رہنما مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی اگرچہ انتخابی نشانات کی فہرست سے اپنے پرچم تک ڈولفن کو اپنا چکی ہے، لیکن سمندری مخلوق کے نام پر زمین کے مسائل کے حل کے لیے تنظیم بنانا مناسب نہیں ہوگا۔ یوں بھی بے چاری ڈولفن سکھائے ہوئے کرتب دکھانے کے علاوہ انسانوں کے کس کام آتی ہے! سو پاک سرزمین پارٹی کے لیے یہ نشان موزوں ہے، لیکن زمین پر سرگرم تنظیم بنانا ہے تو پاک سرزمین پارٹی کو کوئی سرزمین کا جانور منتخب کرنا پڑے گا۔ ہماری رائے میں ‘بِلّی’ جیسے معصوم جانور کا نام مناسب رہے گا۔ ’بلی غول’ کیسا ہے۔ یہ نام رکھنا فائدہ مند بھی ہوسکتا ہے، کیونکہ کبھی کبھی بلی کے بھاگوں چھینکا ٹوٹ جاتا ہے۔

سیاسی جماعتوں کو یہ مشورے تو ہم نے اپنی سیاست میں مداخلت کی عادت کے تحت دے ڈالے، حالانکہ ہمارا موضوع تھا جانوروں سے پاکستانیوں کی محبت۔ پتا نہیں یہ عادت ہمیں کیسے پڑی، حالانکہ یہاں غالب کی طرح سو تو کجا ایک پشت سے بھی ‘پیشہ آبا سپہ گری’ نہیں۔

خیر، عرض بس اتنا کرنا تھا کہ جانوروں سے پاکستانیوں کی محبت کی دنیا بھر میں تشہیر کیجیے، اس ‘مشہوری’ مہم میں یہ تذکرہ خاص طور پر کیا جائے کہ ہم جانوروں کا اتنا خیال رکھتے ہیں کہ ہمارے وزیرِاعظم نے ایوانِ وزیراعظم سے بھینسوں کو محض اس لیے دیس نکالا دیا کہ کَٹوں کی تربیت اچھے ماحول میں ہو۔ انہوں نے معیشت کو مرغی پر منحصر کرکے مرغی کا درجہ طائر لاہوتی سے بھی بڑھا دیا۔ اسی طرح ہمارے صدر نے غریب انسانوں کے لیے لاکھوں مکان بننے سے پہلے توتے کا پنجرہ بنوانا ضروری سمجھا۔


یہ طنزیہ تحریر ہے

عثمان جامعی

عثمان جامعی شاعر، قلم کار، مزاح نگار، بلاگر، صحافی ہیں۔ آپ کی تین کتابیں شائع ہوچکی ہیں، جن میں فکاہیہ مضامین کا مجموعہ ’کہے بغیر‘، شعری مجموعہ ’میں بس ایک دیوار‘ اور کراچی کے حوالے سے ناول ’سرسید، سینتالیس، سیکٹرانچارج‘ شامل ہیں۔ آپ اس وقت ایک اخبار میں بطور ’سنڈے میگزین‘ انچارج ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (4) بند ہیں

Mansoor Ahmed Dec 03, 2020 10:24am
عثمان بھائی، ہمیشہ کی طرح لاجواب اور پُرلطف تحریر۔ خوش رہیے۔
saleh amrohvi Dec 03, 2020 01:15pm
بھائی طوطے کا پنجرہ تو بنتے دیکھا ہے یہ توتے کا پنجرہ کب سے بننے لگا۔
usman jamaie Dec 03, 2020 01:29pm
shukria Mansoor Ahmed
usman jamaie Dec 03, 2020 04:06pm
Saleh amrohui sahib لفظ توتا ہی صحیح ہے، طوطا غلط ہے، لغات سے استفادہ کیجیے

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024