• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

الیکشن کمیشن نے تمام ضمنی انتخابات 31 جنوری تک مؤخر کردیے

شائع December 2, 2020
پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب آئینی ذمہ داری ہے جسے لازمی ادا کیا جانا چاہیے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب آئینی ذمہ داری ہے جسے لازمی ادا کیا جانا چاہیے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ برس 31 جنوری تک کوئی ضمنی انتخاب نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیصلہ عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق امور کی نگرانی کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی تجاویز کی روشنی میں کیا گیا۔

تاہم اس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت ردِ عمل آیا جس کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب آئینی ذمہ داری ہے جسے لازمی ادا کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ 19، قانونی چیلنجز کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر ہونے کا امکان

اس وقت قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونے ہیں۔

مذکورہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہونے والے الیکشن کمیشن کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کی چیئرپرسن اور پیپلز پارٹی کی رہنما سسی پلیجو نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر اسے واپس لینے کے لیے زور دیا۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کی حکومت کو ہدایت کی کہ صوبے میں بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے لیے جلد از جلد ضروری چیزیں مکمل کی جائیں۔

کمیشن نے یہ معاملہ سپریم کورٹ کے حکم کے کچھ روز بعد اٹھایا جس میں عدالت نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتظامیہ کی غیر موجودگی کو ڈھٹائی سے قانون کو نظر انداز کرنا قرار دیا اور آئین و قانون کی تعمیل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید پڑھیں: نئے بلدیاتی قانون کے تحت پنجاب میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، الیکشن کمیشن

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت 8 اگست 2019 کو اختتام پذیر ہوگئی تھی اور یہاں کی صوبائی حکومت بھی دیگر صوبائی حکومتوں کی طرح انتخابات میں مداخلت کررہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اراکین کو خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کمیشن نے خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرلیا ہے تاہم 7 ڈویژنل اضلاع میں گاؤں اور اطراف کی کونسلز کے نمبر کا نوٹیفکیشن صوبائی حکومت سے جاری ہونا باقی ہے۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے انتخابی قواعد بھی نوٹیفائی کرنے ہیں اور الیکشن ایکٹ کی دفعہ 219 (3) کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو مراسلہ تحریر کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے الیکشن کمیشن قانونی مشکلات کا شکار

خیبرپختونخوا کے سیکریٹری بلدیات نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت نے صوبائی وزیر کی سربراہی میں کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے 10 دسمبر سے قبل انتخابات کروانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی ہیں۔

انہوں نے ای سی پی کو یقین دہانی کروائی کہ 7 اضلاع میں دیہاتوں اور ہمسایہ کونسلز کا نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کردیا جائے گا جبکہ دیگر رسمی کارروائیاں بھی چند روز میں پوری کرلی جائیں گی۔


یہ خبر 2 دسمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024