• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی: ملک میں ایک روز میں 75 اموات

شائع December 2, 2020
پاکستان میں مسلسل دوسرے روز اموات کی تعداد میں اتنا زیادہ اضافہ دیکھا گیا—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں مسلسل دوسرے روز اموات کی تعداد میں اتنا زیادہ اضافہ دیکھا گیا—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور مسلسل 2 روز سے اموات میں اچانک تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہی نہیں بلکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں حالیہ مہینوں کی ریکارڈ اموات ہوئیں جو اس عالمی وبا کی دوسری لہر کی تیزی کو ظاہر کر رہی ہیں۔

اس وقت ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 311 ہے جس میں سے 3 لاکھ 45 ہزار 365 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 85 فیصد سے زائد ہے جبکہ 8 ہزار 166 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 829 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 75 افراد وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ 2 ہزار 79 مریض صحتیاب بھی ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی مجموعی تعداد 49 ہزار 780 تک جاپہنچی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گیا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی نظر آئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی تھی اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

جس کے بعد دسمبر کے ابتدائی 2 روز میں اموات میں کافی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

آج 2 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 292 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 642 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث سندھ میں مزید 27 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 962 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 778 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 356 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 30 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 66 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 331 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 47 ہزار 701 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 375 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 215 ہوگئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں 2 افراد کا اضافہ ہوا اور اموات کی تعداد 169 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 342 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 30 ہزار 748 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 324 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 49 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 982 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 4 فرد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 173 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 667 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں کورونا وائرس سے کسی فرد کی موت نہیں ہوئی جس کے بعد اموات 97 پر برقرار ہیں۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 79 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 365 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 403311

صحتیاب: 345365

اموات: 8166

فعال کیسز: 49780

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 642 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 356 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 47 ہزار 701 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 215 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 30 ہزار 748، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 982 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 667 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2962

پنجاب: 3066

خیبرپختونخوا: 1375

بلوچستان: 169

اسلام آباد: 324

آزاد کشمیر: 173

گلگت بلتستان: 97

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024