• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'عاشقی' فلم کے اداکار کارگل پر شوٹنگ کے دوران فالج کا شکار

شائع November 30, 2020
راہل رائے کی عمر 52 سال ہے—اسکرین شاٹ / یوٹیوب
راہل رائے کی عمر 52 سال ہے—اسکرین شاٹ / یوٹیوب

بولی وڈ کی میوزیکل رومانٹک فلم 'عاشقی' سے شہرت حاصل کرنے والے بولی وڈ اداکار 52 سالہ راہل رائے کارگل کی اونچائی پر شوٹنگ کے دوران دماغی فالج کا شکار ہوگئے۔

راہل رائے نے 1992 کی فلم 'عاشقی' سے شہرت حاصل کی تھی، ان کے ساتھ انو اگروال نے فلم میں کام کیا تھا۔

فلم ساز مہیش بھٹ کی مذکورہ میوزیکل رومانٹک فلم اتنی مقبول ہوئی کہ آج بھی لوگ اس کے سحر میں ڈوبے ہوئے ہیں، تاہم 2013 میں اس کا ریمیک بھی بنایا گیا تھا۔

'عاشقی' کے ریمیک میں ادتیہ رائے کپور اور شردھا کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے تاہم ریمیک کے باوجود لوگ پہلی فلم کو نہیں بھلا پائے۔

راہل رائے کو عاشقی سے شہرت ملی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
راہل رائے کو عاشقی سے شہرت ملی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

'عاشقی' کو جہاں اس کی رومانوی کہانی کی وجہ سے پسند کیا گیا، وہیں اسے گانوں کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہوئی اور فلم نے میوزک کے چار بڑے فلم فیئر ایوارڈز بھی جیتے تھے۔

'عاشقی' کے مقبول گانوں میں 'میں دنیا بھلا دوں گا، تو میری زندگی ہے، دل کا عالم، اب تیرے بن، نظر کے سامنے اور بس اک صنم چاہیے' شامل تھے۔

تاہم مذکورہ فلم میں اس کے علاوہ بھی کچھ گانے شامل تھے، جنہیں آج بھی بولی وڈ کے مقبول گیت مانا جاتا ہے۔

راہل رائے نے اگرچہ 'عاشقی' سے قبل ہی فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انہیں شہرت مذکورہ فلم سے ہی ملی۔

اداکار نے اب تک 4 درجن کے قریب فلموں میں کام کیا ہے اور ان دنوں وہ آنے والی ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے کارگل میں موجود تھے۔

راہل رائے کو ماضی کا رومانٹک ہیرو بھی قرار دیا جاتا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
راہل رائے کو ماضی کا رومانٹک ہیرو بھی قرار دیا جاتا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق کارگل کے اونچے مقام پر زیادہ ٹھنڈ اور سانس لینے میں دشواری کے باعث راہل رائے دماغی فالج کا شکار ہوگئے، جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کو روک دیا گیا۔

راہل رائے کو کارگل کی اونچائی سے بڑی کوششوں کے بعد مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر لایا گیا، جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے انہیں ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے نجی ہسپتال میں پہنچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق راہل رائے کو دماغی فالج کا شدید حملہ ہوا اور ان کے ذہن کے ایک حصے میں خون جم گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئے۔

راہل رائے کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی وی) میں داخل کرادیا گیا ہے، جہاں کئی گھنٹوں بعد ان کی صحت میں کچھ بہتری کی اُمید دکھائی دی ہے۔

راہل رائے پر دماغی فالج کے حملے پر کئی شوبز شخصیات نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دماغی فالج کے باعث راہل رائے کو آئی سی یو میں داخل کرادیا گیا—فوٹو: اے بی پی لائیو
دماغی فالج کے باعث راہل رائے کو آئی سی یو میں داخل کرادیا گیا—فوٹو: اے بی پی لائیو

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024