• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

شیخوپورہ میں بس اور وین کا تصادم، 13 افراد جھلس کر جاں بحق

شائع November 30, 2020
ریسکیو کے مطابق حادثہ بظاہر دھند کے باعث پیش آیا —
 فوٹو: ریسکیو 1122
ریسکیو کے مطابق حادثہ بظاہر دھند کے باعث پیش آیا — فوٹو: ریسکیو 1122

پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں بس اور مسافر وین کے تصادم کے نتیجے میں آتشزدگی سے 13 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع اور حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں تباہ جبکہ اس میں موجود مسافروں کی لاشیں ناقابل شناخت ہوگئیں۔

اس حوالے سے ریسکیو 1122 کے بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ حادثہ، نارنگ منڈی میں نارووال روڈ پر اس وقت پیش آیا جب نارووال سے لاہور جانے والی تیزرفتار بس مخالف سمت سے لاہور سے آنے والی ایک وین سے ٹکرا گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ حادثہ علاقے میں دھند کی وجہ سے پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنو عاقل میں ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

مزید یہ کہ تصادم کے بعد وین میں نصب ایل پی جی سلنڈر پھٹنے کے ساتھ ہی چند لمحوں میں آگ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں وین میں سوار 13 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ آگ پکڑنے سے قبل بس میں سوار مسافر اترنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو سروسز نے جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد آگ پر قابو پایا اور تباہ شدہ وین سے لاشوں کو باہر نکالا۔

17 زخمیوں کو نارنگ منڈی رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد لاہور کے میو ہسپتال لے جایا گیا۔

علاوہ ازیں حادثے میں جاں بحق افراد، جن کی لاشوں کی شناخت ابھی نہیں کی جاسکی کو مریدکے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب: مسافر وین اور ٹرالر کے تصادم میں 8 افراد جاں بحق

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے 7 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو لاہور میں شادی میں شرکت کے بعد وین سے واپس جارہے تھے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے اموات اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میران شاہ دربار کے قریب پیش آنے والا حادثہ بظاہر تیز رفتاری کے نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھند کے دوران ہمیشہ آہستہ ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خانیوال مسافر بس الٹنے سے 9 افراد ہلاک، 28 زخمی

خیال رہے کہ ملک بھر میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جس کی وجہ سڑکوں اور گاڑیوں کی ناقص حالت اور لاپروائی سے ڈرائیونگ کرنا ہے، حادثات کے نتیجے میں درجنوں افراد کا جاں بحق ہوجانا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے اوائل میں پنڈی بھٹیاں کے مقام پر ٹرک اور بس کے تصادم میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

رواں سال ستمبر کے مہینے میں کراچی-حیدرآباد موٹروے(ایم-9) پر نوری آباد تھانے کی حدود میں ایک مسافر وین الٹنے سے 13 افراد جاں بحق جبک متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024