• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنو عاقل میں ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

شائع November 30, 2020
ٹرک میں 12 سے زائد افراد سوار تھے—فائل فوٹو: راشد جاوید
ٹرک میں 12 سے زائد افراد سوار تھے—فائل فوٹو: راشد جاوید

سکھر: پنو عاقل میں ایک سڑک پر اینٹوں سے بھرا ٹرک الٹ جانے کے نتیجے میں پیش آئے حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایک اینٹوں سے بھرا ہوا کھلا ٹرک جس پر 12 سے زائد افراد بھی سوار تھے وہ سانگھی کے علاقے کے قریب الٹ گیا۔

ٹرک الٹنے سے اس میں سوار مسافر سڑک پر گر پڑے اور اینٹیں ان پر آگریں جس کے باعث 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، ان میں 4 خواتین اور 7 بچے شامل تھے۔

واقعے میں ٹرک ڈرائیور اور اس کا مکینک زخمی ہوا۔

مزید پڑھیں: مسافر وین اور ٹرالر کے تصادم میں 8 افراد جاں بحق

بعد ازاں قریبی واقع ایدھی سینٹر کی ایمبولینسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو پنو عاقل کے ہسپتال پہنچایا گیا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ٹرک میں سوار مسافر شادی میں شرکت کے لیے صادق آباد سے کراچی جارہے تھے۔

ان میں سے کچھ کا کہنا تھا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک ڈرائیور نے گنے لیجانے والی ٹریکٹر ٹرالی کو اووٹیک کرنے کی کوشش کی اور گاڑی کا کنٹرول کھو دیا اور کھائی میں جاگرا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رضوان، طاہرہ، نور، فاطمہ، عبدالحنان، ارم، رحمٰن، لائبہ، روبینہ، طوبیٰ اور فرزانہ کے نام سے ہوئی جبکہ ثاقب، یعقوب اور آصف شدید زخمی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں صوبہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں مسافر وین اور ٹرالر کے تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

حادثہ پنڈی بھٹیاں روڑ پر پیش آیا تھا جس میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خانیوال مسافر بس الٹنے سے 9 افراد ہلاک، 28 زخمی

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کی جانب سے ٹریفک حادثات کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس کے مطابق ہر پانچ منٹ کے دوران ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہوتا ہے یا پھر شدید زخمی ہوکر زندگی بھر کے لیے معذور ہوجاتا ہے۔

وزارت مواصلات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ٹریفک حادثے کے شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں، جب کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہترین ممالک وہ ہیں جہاں حادثے کے شکار افراد 30 دن کے اندر انتقال کرجاتے ہیں۔

پاکستان میں ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ اموات مشترکہ طور پر خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ہوتی ہیں، دوسرے نمبر پر پنجاب اور تیسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024