• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: نومبر میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

شائع November 29, 2020
محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر میں بارش بھی ہوسکتی ہے—فائل/فوٹو: ڈان
محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر میں بارش بھی ہوسکتی ہے—فائل/فوٹو: ڈان

کراچی میں درجہ حرارت اتوار کے روز 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ 10 برسوں میں نومبر میں سب سے کم ہے۔

اس سے قبل نومبر 2017 میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نومبر 2010 میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو کراچی میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ہلکی بارش، ہوائیں چلنے سے موسم سرد

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اسی مہینے 1986 میں 7.4 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا جو کم ترین ہے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی تھی اور درجہ حرارت 16 جبکہ دوسرے روز 14 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا کہ شہر میں مزید بارش ہوسکتی ہے اور کہا کہ دسمبر میں معمول سے زیادہ سردی ہوسکتی ہے جبکہ شہر میں بارش کے 2 سے 3 اسپیل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ سال کا آخری مہینہ گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ سرد ہوسکتا ہے اور درجہ حرارت ماضی کی نسبت مزید کم ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘رواں برس دسمبر میں درجہ حرارت معمول کے بجائے کم ہوگا’۔

عہدیدار نے بتایا کہ ‘جنوری کے حوالے سے پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا لیکن موجودہ ماڈل اور حالات کے مطابق جنوری میں درجہ حرارت گزشتہ سال کی طرح ہی ہوسکتا ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات برقرار، مزید 10 افراد جاں بحق

کراچی میں رواں ہفتے بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا تھا اور مختلف علاقوں، گارڈن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گلشن معمار، گڈاپ، سرجانی، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گلبرگ، کورنگی، لانڈھی، ملیر اور شاہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی ہلکی ابر کرم برسی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024