• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

چیئرمین نیب کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الزامات پر نوٹس

شائع November 29, 2020
چیئرمین نیب نے کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا—فائل/فوٹو: ڈان
چیئرمین نیب نے کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا—فائل/فوٹو: ڈان

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی جانب سے نیب راولپنڈی پر لگائے گئے الزامات کا نوٹس لے لیا۔

نیب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی جانب سے نیب پر لگائے گئے الزامات کا نوٹس لے کر نیب راولپنڈی سے متعلقہ کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیب راولپنڈی فوج کانام لے کر ادارے کی توہین کررہا ہے ، سلیم مانڈوی والا

بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ وہ تمام اراکین اسمبلی کا قانون کے مطابق انتہائی احترام کرتے ہیں۔

انہوں کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق مذکورہ مقدمے کا جائزہ لینے تک تاحکم الثانی مزید کارروائی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

نیب نے اپنے بیان میں کہا کہ کیس کا قانون کے مطابق اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے نیب، سلیم مانڈوی والا سے بھی اس حوالے سے متعلق مؤقف لے گا تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جاسکیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کورونا کے دوران نیب کا کوئی بھی علاقائی دفتر کسی ہسپتال سے کیسز سے متعلق ریکارڈ طلب نہیں کرے گا اور ریکارڈ منگوانا انتہائی ضروری ہوا تو متعلقہ صوبائی یا وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا تاہم کورونا کے دوران ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ متعلقہ ریکارڈ طلب نہ کیا جائے۔

قبل ازیں ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نیب پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب راولپنڈی کا ٹولا فوج کا نام لے کر ملک کے اہم ادارے کی توہین کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اسٹاک ایکسچینج میں کہا تھا کہ کاروباری افراد کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا لیکن پلی بارگین کے ذریعے زبردستی پیسے لیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: چیئرمین نیب کو سینیٹ میں طلب کرنے کیلئے تحریک استحقاق

سلیم مانڈوی والا نے کہا تھا کہ کاروباری افراد عزت بچانے کے لیے پلی بارگین کرتے ہیں، مجھ پر بے نامی ٹرانزیکشن کا الزام ہے حالانکہ وہ ٹرانزیکشن فوج کے ساتھ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری ٹرانزیکشن منگلا کور کے ساتھ ہے، کیا اس کا مطلب ہے کہ میرے ساتھ فوج نے بے نامی ٹرانزیکشن کی ہے لیکن مجھے اس ٹرانزیکشن پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عرفان منگی صاحب کہتے ہیں کہ مجھے فوج نے بٹھایا ہوا ہے، آرمی چیف اس چیز کا نوٹس لیں۔

پی پی پی کے سینیٹر نے کہا تھا کہ بحیثیت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ میرا استحقاق مجروح ہوا ہے، اس لیے نیب کے خلاف کھڑا ہو رہا ہوں اور اس کا کوئی حل نکال کے رہوں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024