• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہوگئی

منگنی کی تقریب  بلاول ہاؤس میں منعقد ہوئی — فوٹو:  بشکریہ بختاور بھٹو زرداری انسٹاگرام
منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس میں منعقد ہوئی — فوٹو: بشکریہ بختاور بھٹو زرداری انسٹاگرام

سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہوگئی۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی اور اس موقع پر کورونا وائرس سے متعلق سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

کورونا وائرس کی وبا کے باعث منگنی کی تقریب مختصر پیمانے پر منعقد کی گئی اور مہمانوں کی محدود تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں بھٹو و زرداری خاندان کے افراد، قریبی دوستوں اور اہلخانہ نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب میں ان کی خالہ اور بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر کون ہیں؟

ان کے علاوہ تقریب میں بختاور بھٹو زرداری کی دونوں پھوپھو، صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو اور فریال تالپور بھی شریک ہوئیں۔

سابق صدر کی صاحبزادی کی منگنی کی تقریب میں متحدہ عرب امارات سے آئے غیر ملکی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں ڈاکٹر عاصم حسین، بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض، فاروق ایچ نائیک نے اہلخانہ کے ہمراہ اور آصف علی زرداری کے دوست انور مجید، اے میجد اور ریاض لال جی نے بھی شرکت کی۔

علاوہ ازیں بختاور بھٹو کے منگیتر محمود چوہدری بھی اہلخانہ اور قریبی دوستوں کے ہمراہ بلاول ہاؤس پہنچے جس کے بعد منگنی کی رسم ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔

منگنی کی تقریب میں بختاور بھٹو اور محمود چوہدری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا۔

بختاور کے والد آصف علی زرداری نے نیب کیسز میں ضمانت پر ہسپتال میں زیر علاج ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر کی اجازت کے بعد 2 گھنٹے کے لیے بیٹی کی منگنی میں شرکت کی۔

علاوہ ازیں بختاور کے بھائی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ایک دن قبل ہی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ اس وقت آئسولیشن میں ہیں اور انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے منگنی میں شرکت کی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کورونا سے متاثر ہونے کے باعث بلاول بھٹو زرداری نے بذریعہ وڈیو لنک اپنی بہن کی منگنی کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو مہمانوں سے ملوایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کیمرے کے ذریعے فرداً فرداً تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سابق صدر آصف علی زرداری تمام وقت تقریب میں مہمانوں سے ملاقات اور مبارکباد وصول کی۔

بینظیر بھٹو کی صاحبزادی کی منگنی کی تقریب میں بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری کی سہیلیوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے معاملات کی خصوصی نگرانی بختاور کی پھوپو فریال تالپور اور بلاول بھٹو نے خود کی۔

تقریب میں مہمانوں کی تواضع دیسی اور بدیسی کھانوں سے کی گئی، مینو میں کوفتے، بریانی، چکن بروسٹ اور مچھلی مینو میں شامل تھے جبلہ بچوں کے کھانے کے لیے خصوصی ڈشز بھی تیار کی گئیں تھیں۔

بعدازاں بختاور بھٹو نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر منگنی کی تصاویر شیئر کیں۔

اس موقع پر بختاور بھٹو نے ٹی پِنک رنگ کا لہنگا پہنا اور شال پہنی ہے جبکہ ان کے منگیتر سفید کرتا شلوار میں ملبوس تھے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بختاور بھٹو کی منگنی اور بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی تصاویر شیئر کیں۔

منگنی سے چند گھنٹے قبل بختاور بھٹو زرداری نے ایک جذباتی ٹوئٹ میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا تھا، جنہوں نے ان کی نئی زندگی کی شروعات پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بختاور بھٹو زرداری نے منگنی کے دن کو اپنی زندگی کا جذباتی دن قرار دیتے ہوئے پی پی پی کے کارکنان اور رہنماؤں کو پیغام دیا تھا کہ کورونا کی وبا ختم ہونے کے بعد وہ مل کر خوشیاں منائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تیاریاں شروع

بختاور بھٹو زرداری نے لکھا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ پی پی پی کے رہنما و خاندان ان کی منگنی کی تقریب میں شرکت کرنے کے خواہاں ہیں۔

زندگی کے اہم ترین دن پر وہ والدہ کو بھی نہ بھول پائیں اور انہوں نے لوگوں سے والدہ اور اپنے اہل خانہ کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ آصف علی زرداری نے رواں ماہ 15 نومبر کو تصدیق کی تھی کہ ان کی بڑی صاحبزادی کی منگنی رواں ماہ 27 نومبر کو ہوگی اور ان کی منگنی کے دعوت نامے بھی سامنے آگئے تھے۔

محترمہ بینظیر بھٹو کی بڑی بیٹی کی منگنی پاکستانی نژاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صنعت کار یونس چوہدری کے صاحبزادے محمود چوہدری کے ساتھ ہوئی۔

—فائل فوٹو: نادر گرامانی
—فائل فوٹو: نادر گرامانی

یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ بختاور بھٹو زرداری اپنی منگنی کے موقع پر والدہ کے نکاح جیسا لباس پہننے کی خواہاں ہیں۔

بینظیر بھٹو کے نکاح کے لیے لباس تیار کرنے والے فیشن ہاؤس 'ریشم رواج' کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق بختاور بھٹو زرداری نے والدہ کے لباس جیسا لباس پہننے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تاہم بختاور بھٹو کی جانب سے جاری کردہ تصویر کو دیکھا جائے تو ان کا لباس والدہ کے نکاح کے لباس سے مختلف ہے۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی سے قبل ہی گمراہ کن خبریں پھیلنا شروع ہوگئی تھیں اورجعلی تصاویر تصاویر شیئر کرکے انہیں ان کے منگیتر کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں بختاور بھٹو کی خفیہ منگنی کی جعلی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی تھیں جن پر پاکستان پیپلزپارٹی اور خود بختاور بھٹو نے وضاحتی بیان جاری کرکے تمام تصاویر، ویڈیوز اور خبروں کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Polaris Nov 28, 2020 01:42am
Congratulations and Best wishes for a happy life for both.

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024