• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

آصفہ بھٹو زرداری ملتان جلسے سے خطاب کریں گی، یوسف رضا گیلانی

شائع November 27, 2020
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کر رہی ہے لیکن جلسہ ہر صورت ہوگا — فوٹو: ڈان نیوز
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کر رہی ہے لیکن جلسہ ہر صورت ہوگا — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملتان میں ہونے والے جلسے میں شرکت کرکے سرپرائز دے سکتی ہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 30 نومبر کو پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے، اس روز آصفہ بھٹو زرداری ملتان آئیں گی جو پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کرکے سرپرائز دے سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث جلسے میں شریک نہیں ہوسکتے، لہٰذا آصفہ بھٹو یوم تاسیس کے موقع پر پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کریں گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کر رہی ہے لیکن جلسہ ہر صورت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم جلسے کی تیاریاں، سابق وزیراعظم کا بیٹا علی موسیٰ گیلانی گرفتار

ملتان کا جلسہ ہر قیمت پر ہوگا، رانا ثنااللہ

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

ادھر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ یہ حکومت پورے ملک و قوم کو انتقام اور نفرت کی آگ میں دھکیل رہی ہے، ملتان میں یو سی چیئرمین اور کونسلر سمیت 50 رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور اگلے دو روز میں یہ مزید کریک ڈاؤن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو کنٹینر لگا کر بند کردیا ہے، اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عوام کورونا کے خطرے کے باوجود اپوزیشن کی کال پر لبیک کہہ رہے ہیں، عوام جانوں کا خطرہ مول لے کر بھی اس ظالم حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ یہ کورونا 18 حکومت، کورونا 19 سے زیادہ خطرناک ہے، عوام اپوزیشن کی تحریک کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حکومت جلسوں کو روک رہی ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملتان کا جلسہ ہر قیمت پر ہوگا، اگر انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو نہ کھولا تو پورے ملتان میں جلسہ ہوگا جبکہ اگر ایسا ہوا کہ تو قائدین کی سیکیورٹی کی ذمہ داری اس حکمران ٹولے پر ہوگی اور اگر خدانخواستہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو ایف آئی آر میں وزیر اعظم عمران خان کو ملزم نامزد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز پروگرام کے مطابق 30 نومبر کو ملتان پہنچیں گی اور اگر انہوں نے باغ نہ کھولا تو اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔

مزید پڑھیں: ملتان اور لاہور جلسوں کیلئے وسیم اکرم پلس حکومت کی اجازت کی ضرورت نہیں، پیپلز پارٹی

واضح رہے کہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے جلسے کی درخواست کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر مسترد کردی تھی تاہم پی ڈی ایم رہنما جلسہ کرنے پر بضد ہیں جس کے بعد پولیس نے گزشتہ رات قلعہ کہنہ قاسم باغ کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی بڑھتی لہر اور انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ دینے کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے 22 نومبر کو پشاور میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔

اس کے بعد اپوزیشن اتحاد 26 نومبر کو لاڑکانہ اور 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔

22 نومبر کو ہونے والا پشاور کا جلسہ حکومت مخالف پی ڈی ایم کا چوتھا سیاسی پاور شو تھا۔

اس سے قبل اپوزیشن اتحاد نے اپنے جلسوں کا باقاعدہ آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے کیا تھا، جس کے بعد 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ کیا گیا تھا جبکہ 25 اکتوبر کو پی ڈی ایم نے کوئٹہ میں سیاسی طاقت دکھائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024