لندن میں نواز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ ادا، جسد خاکی پاکستان روانہ
لندن میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت تدفین کے لیے پاکستان روانہ کردی گئی۔
بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں ادا کی گئی۔
صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بتایا کہ نماز جنازہ میں نواز شریف، خاندان کے دیگر افراد اور قریبی ساتھی شریک ہوئے۔
کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے مسجد میں صرف 30 افراد کو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔
نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے جسد خاکی کو ہیتھرو ایئرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز اور شہباز شریف کی والدہ انتقال کرگئیں
دوسری جانب لاہور میں بیگم شمیم اختر کی تدفین کی تیاریاں جاری ہیں اور ہفتے کو ایس اوپیز کے تحت رائے ونڈ میں بھی ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو ان کی والدہ کے انتقال پر 5 دن کے لیے کوٹ لکھپت جیل سے پیرول پر رہا بھی کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روز کے لیے پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد جیل حکام نے انہیں رہا کردیا۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز جیل سے رہائی کے بعد جاتی امرا روانہ ہوگئے۔
مزید پڑھیں: والدہ کے انتقال پر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پیرول پر رہا
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر اتوار کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔
شمیم اختر کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ذارائع نے بتایا کہ وہ گزشتہ کچھ ماہ سے علیل تھیں۔