• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا کے باعث اسلام آباد میں ڈرائیو اِن سنیما کھولنے کا فیصلہ

شائع November 26, 2020
یہ آؤٹ ڈور سنیما آئندہ ماہ کھلنے کا امکان ہے جہاں لوگ گاڑیوں میں بیٹھ کر فلمیں دیکھ سکیں گے— فائل فوٹو : اے پی
یہ آؤٹ ڈور سنیما آئندہ ماہ کھلنے کا امکان ہے جہاں لوگ گاڑیوں میں بیٹھ کر فلمیں دیکھ سکیں گے— فائل فوٹو : اے پی

اسلام آباد: کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث وفاقی دارالحکومت میں ڈرائیو-اِن سنیما کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہری وبا کے باوجود کھلی فضا میں محفوظ سرگرمیوں سے مستفید ہوسکیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ آؤٹ ڈور سنیما آئندہ ماہ کھلنے کا امکان ہے جہاں لوگ گاڑیوں میں بیٹھ کر فلمیں دیکھ سکیں گے۔

سی ڈی اے میں موجود ذرائع کے مطابق ابتدا میں ہفتے کے اواخر میں فلمیں دکھائی جائیں گی لیکن اگر لوگوں کی جانب سے مثبت ردعمل ملا تو سنیما کو متبادل دنوں میں بھی کھولا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سنیما اسکرین خاموش اور کہانیاں اُداس ہیں

اس ضمن میں ایک بڑی اسکرین شکر پڑیاں گراؤنڈ یا ایف-9 پارک میں لگائی جائے گی جبکہ لوگ اپنی گاڑیوں میں موجود ریڈیو سیٹس کے ذریعے آواز سن سکیں گے۔

چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے ڈان کو بتایا کہ ' کورونا وائرس کے باوجود لوگوں کو تفریح کی سہولت فراہم کرنے کے لیے، ہم یہ پروجیکٹ شروع کرنے جارہے ہیں جسے سخت اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز(ایس او پیز) کے تحت منظم کیا جائے گا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد ایس او پیز کی تعمیل کرتے ہوئے لوگوں کو تفریح فراہم کرنا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل(ماحولیات) نوید ترین کو یہ پروجیکٹ مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اور اتھارٹی کو امید ہے کہ یہ کامیاب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں کورونا کی وجہ سے بند سنیما کھلنے لگے

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ 1980کی دہائی میں کراچی، اوپن ایئر سنیماز کی وجہ سے جانا جاتا تھا۔

تاہم اب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اس چیلنجنگ وقت میں جب تفریحی، کھیلوں کی سرگرمیاں رک گئی ہیں تو اس بات کے امکانات ہیں کہ یہ منصوبہ کامیاب ہوگا۔

دریں اثنا سی ڈی اے سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایک فلم دکھانے کے لیے ایک ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات کیے جارہے ہیں اور محفوظ رہتے ہوئے شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کا یہ بڑا موقع ہوگا۔


یہ خبر 26 نومبر، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024