• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

بدقسمت خاتون جواب جانتے ہوئے بھی 7 کروڑ روپے جیت نہ سکیں

شائع November 26, 2020
انوپما داس نے پروگرام میں ایک کروڑ روپے جیتے اور 7 کروڑ کا جواب جانتے ہوئے بھی نہیں دیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب سونی ٹی وی
انوپما داس نے پروگرام میں ایک کروڑ روپے جیتے اور 7 کروڑ کا جواب جانتے ہوئے بھی نہیں دیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب سونی ٹی وی

بھارت کے نجی ٹی وی چینل 'سونی ٹی وی' پر نشر والے ریئلٹی گیم شو 'کون بنے گا کروڑ پتی 12' میں ایک خاتون نے جانتے ہوئے بھی سوال کا درست جواب نہ دے کر جیتے ہوئے 7 کروڑ روپے کھو دیے۔

جی ہاں، 'کون بنے گا کروڑ پتی 12' گیم شو کی 25 نومبر کی شب نشر ہونے والی قسط میں شامل ہونے والی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر بسر کی استانی نے پوچھے گئے کرکٹ سے متعلق سوال کا جواب جانتے ہوئے بھی نہیں دیا اور انہوں نے گیم کو ادھورا چھوڑ کر جیتے ہوئے 7 کروڑ روپے بھی کھو دیے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق 'کون بنے گا کروڑ پتی' گیم شو کے بارہویں سیزن کی 25 نومبر کو نشر ہونے والی اہم ترین قسط میں چھتیس گڑھ کی استانی انوپما داس نے اگرچہ ایک کروڑ روپے جیتے تاہم وہ 7 کروڑ روپے جیتنے سے محروم رہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انوپما داس نے 7 کروڑ روپے کے پوچھے گئے کرکٹ سے متعلق ایسے سوال کا جواب نہیں دیا، جس کا جواب وہ جانتی تھیں۔

تاہم خود پر یقین نہ ہونے اور سوال کے درست یا غلط ہونے کے حوالے سے کنفیوژن کے باعث انہوں نے جواب دینے کے بجائے گیم کو چھوڑنا ہی مناسب سمجھا، جس کے باعث وہ 7 کروڑ روپے جیتتے، جیتتے رہ گئیں۔

اسی حوالے سے زی نیوز نے بتایا کہ حیران کن طور پر انوپما داس 7 کروڑ روپے کے پوچھے گئے سوال کا جواب جانتی تھیں مگر انہوں نے جواب دے کر رسک لینے کے بچنے کے لیے گیم شو کو ادھورا چھوڑا اور یوں وہ 7 کروڑ روپے سے محروم رہ گئیں۔

نئی دہلی ٹیلی وژن (این ڈی ٹی وی) کے مطابق 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے 12 ویں سیزن کی مذکورہ 43 ویں قسط میں انوپما داس نے مجموعی طور پر 15 سوالوں کے درست جوابات دے کر ایک کروڑ روپے جیتے، تاہم وہ 'سوال سات کروڑ کا' یا 'جیک پاٹ 7 کروڑ' نامی سوال کا جواب نہ دے سکیں اور انہوں نے گیم مکمل کھیلنے سے قبل ہی ختم کردیا۔

پروگرام کی تھیم کے مطابق اگر سوال دینے والا شخص 'سوال سات کروڑ کا' کا غلط جواب دے گا اسے جیتی ہوئی رقم سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور اگر جواب دینے والے نے درست جواب دیا تو اسے مزید 7 کروڑ روپے ملیں گے۔

تاہم زیادہ تر لوگ رسک لینے کی وجہ سے 'سوال سات کروڑ کا' کے سیگمنٹ میں حصہ نہیں لیتے اور انہیں یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ گیم کو ختم کردیں۔

اسی اختیار کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انوپما داس نے گیم کو ختم کیا اور ایک کروڑ جیتنے کے بعد 'کون بنے گا کروڑ پتی' کے 12 ویں سیزن کی تیسری کروڑ پتی بن گئیں۔

تاہم جانتے ہوئے بھی انہوں نے 'سوال سات کروڑ کا' کا جواب نہ دیا اور یوں وہ مزید 7 کروڑ جیتنے سے محروم رہیں۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق انوپما داس سے سات کروڑ روپے کا سوال کرکٹ کے بارے میں تھا، جس میں غیر ملکی ٹیم میں دو بھارتی نژاد کھلاڑیوں کے شامل ہونے سے متعلق پوچھا گیا تھا۔

سوال کے جواب دینے کے لیے 4 آپشن دیے گئے تھے، جن میں کینیا، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کینیڈا اور ایران شامل تھے جب کہ سوال کا درست جواب یو اے ای تھا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ یہی جواب انوپما داس کو بھی آتا تھا مگر انہیں اس پر مکمل یقین نہیں تھا، اس لیے انہوں نے جواب دینے کے بجائے خاموشی اختیار کی اور 7 کروڑ روپے سے محروم رہیں۔

'کون بنے گا کروڑ پتی' کے حالیہ 11 ویں سیزن میں پہلی کروڑ پتی بھی رواں ماہ 13 نومبر کو ایک مسلمان خاتون ازیہ نسیم بنی تھیں جب کہ دوسری کروڑ پتی بھی خاتون ہی تھیں۔

خاتون نے سات کروڑ کی لالچ کو چھوڑ کر ایک کروڑ جیتنے کو ہی غنیمت جان کر گیم شو کو آدھے میں ختم کیا—اسکرین شاٹ/ سونی ٹی وی یوٹیوب
خاتون نے سات کروڑ کی لالچ کو چھوڑ کر ایک کروڑ جیتنے کو ہی غنیمت جان کر گیم شو کو آدھے میں ختم کیا—اسکرین شاٹ/ سونی ٹی وی یوٹیوب

دوسری کروڑ پتی خاتون 16 نومبر کو ہماچل پردیش کی موہیتا شرما بنی تھیں جو پیشے کے لحاظ سے پولیس افسر تھیں۔

تیسری خاتون انوپما داس 25 نومبر کے پروگرام میں کروڑ پتی بنیں اور وہ پیشے کے لحاظ سے استانی ہیں۔

ابھی مذکورہ گیم شو مزید کچھ ہفتوں تک چلے گا، جس میں خیال کیا جا رہا ہے کہ مزید کچھ لوگ کروڑ پتی بن سکتے ہیں۔

اس پروگرام میں کوئی بھی ایسا شخص کروڑ پتی بن سکتا ہے جو 15 سوالوں کے درست جواب دے۔

یہ پروگرام ابتدائی طور پر بھارتی ٹی وی اسٹار پلس پر 2000 میں شروع کیا تھا اور یہ گیم شو مذکورہ ٹی وی چینل پر 2007 تک نشر ہوتا رہا، جس کے بعد 2010 میں گیم شو کے چوتھے سیزن کو سونی ٹی وی پر نشر کیا جانے لگا اور تب سے یہ پروگرام سونی ٹی وی پر نشر ہو رہا ہے۔

یہ پروگرام دراصل برطانیہ میں اسی طرح کے نشر ہونے والے گیم شو کا ہندی ورژن ہے اور اسے بھارت کے علاوہ پاکستان اور پورے خطے میں شوق سے دیکھا جاتا ہے۔

کئی سال سے اس گیم شو کی میزبانی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کرتے آ رہے ہیں اور وہ بھی ایک قسط کی میزبانی کے کروڑوں روپے وصول کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024