• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

شائع November 26, 2020
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے رواں برس 2 ہزار 840 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی—فائل فوٹو: اے پی
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے رواں برس 2 ہزار 840 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی—فائل فوٹو: اے پی

دفتر خارجہ میں بھارتی سینئر سفارت کار کو طلب کر کے 25 نومبر کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے بگسر سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا جس کے نیتجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے گڑھی گاؤں کے رہائشی 33 سالہ انصار ولد محمد اشرف شہید ہوئے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فورسز ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری میں شہری آبادی کو آرٹلری فائر، مارٹرز اور خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی فائرنگ پر احتجاج

بیان کے مطابق بھارت نے رواں برس 2 ہزار 840 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 276 شہادتیں ہوئیں اور 245 معصوم شہری شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فائرنگ واضح طور پر 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور انسانی اقدار اور پیشہ ورانہ فوجی قواعد کے بھی خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کے اطراف میں کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں: جنگ بندی کی خلاف ورزی: بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری میں کشیدگی کو ہوا دے کر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی گھمبیر صورت حال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

بھارت سے 2003 کے معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا کہ ان واقعات کی تفتیش کرکے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر امن کو برقرار رکھا جائے۔

دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں تواتر اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

اس سے قبل 22 نومبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 بے گناہ شہری شدید زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024