• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: ملک میں ایک روز میں 3 ہزار 306 کیسز، 40 اموات کا اضافہ

شائع November 26, 2020
ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا—فوٹو: پی ٹی آئی
ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا—فوٹو: پی ٹی آئی

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی آرہی ہے اور ملک میں مسلسل دوسرے روز 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو جولائی کے بعد مسلسل دوسرے دن کیسز کی اتنی بڑی تعداد ہے۔

اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 198 ہے جس میں سے 3 لاکھ 34 ہزار 392 صحتیاب ہوئے ہیں جو 86 فیصد سے زائد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 843 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 306 کیسز اور 40 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ ایک ہزار 418 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 963 تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے جون تک وبا کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی گئی تھی۔

تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی تھی اور یہ سلسلہ ستمبر کے اوائل تک جاری رہا تھا۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط سے ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اکتوبر میں اس میں مزید تیزی آگئی، جس کا رجحان نومبر میں بھی نظر آرہا ہے اور یومیہ کیسز جو سیکڑوں میں اور اموات جو درجن سے بھی کم ہونا شروع ہوئی تھیں وہ بالترتیب اب ہزاروں اور درجنوں میں پہنچ چکی ہیں۔

آج 26 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 348 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 381 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 8 افراد ایسے تھے جو اس عالمی وبا کے باعث انتقال بھی کرگئے اور یوں یہ تعداد 2 ہزار 866 تک جا پہنچی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 720 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 506 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 19مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 923 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 514 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 314 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 5 افراد لقمہ اجل بنے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 344 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 51 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 942 تک پہنچ گئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح مجموعی تعداد 165 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 576 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار 555 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 297 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 87 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 403 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک فرد زندگی کی بازی ہارگیا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 152 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 583 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 24 گھنٹوں میں وہاں کوئی موت واقع نہیں ہوئی جس کے بعد گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد 96 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 418 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 34 ہزار 392 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز:386198

صحتیاب: 334392

اموات: 7843

فعال کیسز: 43963

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 381 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 506 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 45 ہزار 828 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 942 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 28 ہزار 555، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 403 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 583 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2866

پنجاب: 2923

خیبرپختونخوا: 1344

بلوچستان: 165

اسلام آباد: 297

آزاد کشمیر: 152

گلگت بلتستان: 96

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024