• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک چاہتے ہیں؟ تو اب جلد ایسا ہوگا ممکن

شائع November 25, 2020
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

اگر تو آپ سوشل میڈیا کی دنیا میں 'خاص فرد' بننا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ ٹوئٹر نے عام صارفین کے اکاﺅنٹس پر بلیو ٹِک لگانے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2021 میں اپنے ویریفکیشن سسٹم کو دوبارہ لانچ کررہی ہے اور اس کے لیے عوامی رائے کو مدنظر رکھا جائے گا۔

نئی پالیسی کے تحت ٹوئٹر کی جانب سے آغاز میں 6 اقسام کے اکاؤنٹس کو ویریفائی کیا جائے گا، جن میں حکومتی عہدیداران، کمپنیاں، برانڈز، غیرمنافع بخش ادارے، نیوز، انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس اور سماجی ادارے اور دیگر بااثر شخصیات شامل ہیں۔

کمپنی کے مطابق ان کیٹیگریز میں وقت کے ساتھ توسیع کی جائے گی۔

ٹوئٹر کی جانب سے بلیو ٹک کا مقصد عوامی شخصیات کے اکاؤنٹس کو مستند بنانا ہوتا ہے مگر عام افراد کے لیے اس عمل کو 2017 میں روک دیا گیا تھا، اس وقت کمپنی کو اس الجھن کا سامنا تھا کہ وہ لوگوں کو یہ کیسے بتائے کہ ویریفائیڈ کا مطلب کیا ہے۔

2018 میں ٹوئٹر نے ویریفکیشن سسٹم کو بہتر بنانے کا اعلان کیا تھا، جس میں بلیوٹک کے حصول کا عمل طویل کیا گیا تھا، تاہم وہ بھی کارآمد ثابت نہیں ہوسکا۔

اس سال ٹوئٹر کی جانب سے طبی ماہرین کے اکاؤنٹس کو ویریفائیڈ کیا گیا ہے مگر یہ بس کووڈ 19 تک محدود تھا۔

اب کمپنی نے ہر ایک کے لیے اس سہولت کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئی پالیسی کا مسودہ شیئر کیا ہے، جس پر عوامی فیڈبیک حاصل کیا جائے گا۔

پالیسی کی تفصیلات میں زیادہ زور اس پر دیا گیا ہے کہ کن اکاؤنٹس کو ویریفائیڈ کیا جاسکے گا اور بتایا جائے گا کہ کچھ اکاؤنٹس کو اس عمل کا حصہ کیوں نہیں بنایا جائے گا۔

مثال کے طور پر ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ نمایاں اور متحرک ہو جبکہ ایسے افراد کو زیرغور نہیں لایا جائے گا جن کی پروفائل مکمل نہیں ہوگی۔

ٹوئٹر کی جانب سے ان اکاؤنٹس کو بھی ویریفائی نہیں کیا جائے گا جو سائٹ کے اصولوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوں گے۔

کمپنی نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایسے اکاؤنٹس کو گزرے برسوں میں ویریفائی کیا ہے، جن کو نہیں کیا جانا چاہیے تھا اور اب نامکمل پروفائلز یا غیرمتحرک اکاونٹس سے بلیوٹک کو ہٹانے کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے وہ تفصیلات بھی بتائی گئیں جن سے صارف کو معلوم ہوسکے گا کہ کسی کیٹیگری کے اکاؤنٹ کا تعین کیسے ہوگا۔

مثال کے طور میڈیا اداروں کو صحافت کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا جبکہ آزاد یا فری لانس صحافیوں کو کسی اچھے ادارے میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران شائع 3 مضامین کو فراہم کرنا ہوگا۔

اس نئی پالیسی پر لوگ اپنی رائے 24 نومبر سے 8 دسمبر 2020 تک دے سکیں گے۔

8 دسمبر کے بعد ٹوئٹر اپنی ٹیم کو نئی پالیسی پر تربیت دے گی اور حتمی پالیسی 17 دسمبر کو متعارف ہوگی جبکہ ویریفیکیشن سسٹم کے لیے درخواستوں کا عمل 2021 کے اوائل میں شروع ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024