• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں و تبادلے، 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا

شائع November 25, 2020
پاک فوج کے 6 اعلیٰ افسران کی ترقی کی گئی—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر ویب سائٹ
پاک فوج کے 6 اعلیٰ افسران کی ترقی کی گئی—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر ویب سائٹ

پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر افسران کی ترقی، تبادلے اور تعیناتیاں کی گئی ہیں اور 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقیاں دے دی گئی۔

اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹس کیں۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ فوج میں 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔

ترقی پانے والے ان 6 افراد کے ناموں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ جن میجر جنرلز نے ترقی پائی ہے ان میں میجر جنرل اختر نواز، میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلمان فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔

تعیناتیاں اور تبادلے

علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید 2 ٹوئٹس میں پاک فوج میں ہونے والے تبادلوں اور تعیناتیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

تصاویر—بشکریہ آئی ایس پی آر
تصاویر—بشکریہ آئی ایس پی آر

انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کو کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کور کمانڈر بہاولپور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کمانڈر سدرن کمانڈ اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کمانڈر اے ایس ایف سی تعینات کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو انسپکٹر جنرل آرمز تعینات کردیا گیا، اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالوشن، لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات ملٹری سیکریٹری اور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو انسپکٹر جنرل کمیونکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے ترقی پانے والوں میں شامل آصف غفور پہلے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہیں دسمبر 2016 میں ڈی جی آئی ایس پی آر بنایا گیا تھا جس کے بعد رواں سال کے اوائل میں ان کا تبادلہ کرکے میجر جنرل بابر افتخار پاک فوج کے ترجمان مقرر ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: نگار جوہر پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل

خیال رہے کہ پاک فوج میں وقتاً فوقتاً افسران کی تقرریاں اور تبادلے ہوتے رہتے ہیں، رواں سال جون میں نگار جوہر کو پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

اس سے قبل مارچ میں پاک فوج کے میڈیکل کور کے 11 افسران سمیت 36 برگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

مارچ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت پروموشن بورڈ کے اجلاس میں میڈیکل کور کے 11 افسران سمیت 36 بریگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر ترقی

قبل ازیں گزشتہ سال 12 ستمبر کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ 5 لیفٹیننٹ جنرل کی مختلف عہدوں پر تقرریاں کی گئی، ان میں لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا، لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر شامل تھے۔

اس سے ایک روز قبل پاک فوج کے 4 جنرل افسران کو میجر جنرل سے ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا تھا۔

ستمبر 2019 میں ترقی پانے والے ان 4 میجر جنرل میں میجر جنرل محمد عامر، میجر جنرل محمد چراغ حیدر، میجر جنرل ندیم احمد انجم اور میجر جنرل خالد ضیا شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024