• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میں ہلکی بارش، ہوائیں چلنے سے موسم سرد

شائع November 25, 2020
ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا—فائل فوٹو: اے پی پی
ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا—فائل فوٹو: اے پی پی

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی اور گردونواح کے علاقوں میں موسم سرما کی پہلی ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا۔

شہر قائد میں منگل کی رات اور بدھ کی علی الصبح مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد یخ بستہ ہواؤں نے درجہ حرارت کو کم کردیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات برقرار، مزید 10 افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں، گارڈن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گلشن معمار، گڈاپ، سرجانی، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گلبرگ، کورنگی، لانڈھی، ملیر اور شاہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی ہلکی ابر کرم برسی۔

محکمہ موسمیات کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف مسرور بیس پر 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس کے بعد لانڈھی میں 3.5، سرجانی میں 3.4، اولڈ ایریا ایئرپورٹ پر 3.1، نارتھ کراچی میں 2.9، کیماڑی اور یونیورسٹی روڈ پر 2.8 جبکہ جناح ٹرمینل پر 2.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح صدر میں 1.2 اور ناظم آباد میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ریکارڈ بارش سے کراچی سمیت سندھ بھر میں سیلابی صورتحال، 7 افراد جاں بحق

شہر میں 30 سے 40 کلو میٹر کی رفتار سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہلکی بارش کے بعد شہر میں موسم سرد ہوگیا جبکہ موٹرسائیکل سوار افراد اچانک درجہ حرارت کم ہونے سے زیادہ متاثر ہوئے۔

موسم سرما کی پہلی بارش سے شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے اور انہوں نے بارش سے لطف اندوز ہوتے ہوئے تصاویر بھی شیئر کیں۔

طویل علی رضوی نامی شخص نے کراچی کی ایک سڑک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کراچی میں سردی کی پہلی بارش‘۔

اسی طرح رضوی ٹوئٹس نامی صارف نے شہر کی ایک شاہراہ کی رات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے بہترین منظر قرار دیا۔

ادھر موسم کا حال بتانے والوں نے شہر میں رات اور صبح کے اوقات میں وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ بدھ سے سندھ میں بارش کا حالیہ سلسلہ ختم ہوجائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024