• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نواز شریف کو مختلف سیاسی رہنماؤں کا فون، والدہ کے انتقال پر تعزیت

شائع November 24, 2020
نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں — فائل/فوٹو: ڈان نیوز
نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں — فائل/فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیٸرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سمیت سیاسی رہنماؤں نے ٹیلی فون کرکے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ ماں کا انتقال اولاد کے لیے بہت بڑا سانحہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز اور شہباز شریف کی والدہ انتقال کرگئیں

بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کے دوران کہا کہ آپ کے اور آپ کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے بھی نواز شریف کو فون کرکے تعزیت کی۔

انہوں نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی جبکہ نواز شریف نے ان کی صحت کے متعلق دریافت کیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 'ہم سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ صاحبہ کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ پاک انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے۔ ماواں ٹھنڈیاں چھاواں'۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں، وہ 15 فروری 2020 کو برطانیہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہارٹ سرجری کے پیش نظر اپنے بیٹے سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوئی تھیں۔

وزیراعظم عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاید باجوہ اور بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے تعزیتی پیغامات جاری کیے تھے۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا نے شمیم بی بی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ آرمی چیف نے نواز اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ اللہ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’اللہ تعالی مرحوم محمد شریف کی اہلیہ بیگم شمیم اختر کو جنت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے خاندان اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے‘۔

نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کے عہدیداروں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ اور صدر سپریم کورٹ بار لطیف خان آفریدی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ جبکہ سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024