• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

قیادت کی ذمے داریاں بیٹنگ پر اثر انداز نہیں ہوں گی، بابر اعظم

شائع November 24, 2020
بابر اعظم نے نیوزی لینڈ میں اچھی کارکردگی کا عزم ظاہر کیا— فوٹو بشکریہ پی سی بی
بابر اعظم نے نیوزی لینڈ میں اچھی کارکردگی کا عزم ظاہر کیا— فوٹو بشکریہ پی سی بی

اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ قیادت کی ذمے داریاں بیٹنگ پر اثر انداز نہیں ہوں گی کیونکہ انہوں نے بغیر کسی دباؤ کے دونوں چیزوں کو الگ رکھا ہے۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے روانگی سے قبل انٹرویو دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ لوگوں کی مجھ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں لیکن اس سے مجھ پر دباؤ نہیں پڑتا کیونکہ میں اسے اعتماد میں اضافے کے لیے استعمال کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: فخر زمان دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوگئے

انہوں نے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل پراعتماد ہیں اور اُمید ہے کہ ہم ایک اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے بلے باز نے مزید کہا کہ معمول سے پہلے نیوزی لینڈ پہنچنے کی بدولت ہمیں حالات سے ہم آہنگ اور سیریز کے لیے مناسب تیاری میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک اچھا ریکارڈ ہے، ہماری ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جبکہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا عمدہ امتزاج ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم اس موقع کو بروئے کار لاتے ہوئے آنے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم بنانا چاہتے ہیں، پہلے تین دن سخت رہیں گے کیونکہ ہمیں اپنے کمرے چھوڑنے اور دوسرے کھلاڑیوں سے ملنے کی اجازت نہیں ہوگی لیکن ہم اس کی عادت ڈال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، بورڈ کے لانگ ٹرم پلان کا حصہ ہوں، بابر اعظم

مایہ ناز بلے باز نے اعتراف کیا کہ ٹیم کے انتخاب کے معاملات میں وہ اپنی رائے دیتے ہیں کیونکہ میدان میں انہیں ٹیم کی قیادت کرنی ہوتی ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کے مشورے فائدہ مند ثابت ہوں۔

یاد رہے کہ بابر اعظم کو حال ہی میں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا اور اب وہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔

ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے ان کا پہلا امتحان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میچز میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز ہو گی جس کا پہلا میچ 26 دسمبر جبکہ دوسرا 3 جنوری کو ہو گا۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

پاکستان کا 23 رکنی اسکواڈ گزشتہ روز نیوزی لینڈ روانہ ہو گیا جس میں کپتان بابر اعظم کے ساتھ ساتھ محمد رضوان، شاداب خان، اظہر علی، سرفراز احمد، محمد حفیظ، فواد عالم، عابد علی، عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رو ئوف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024