• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

انکشافات سے بھرپور ڈوزیئر کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف مہم تیز کردی، دفتر خارجہ

شائع November 24, 2020
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انکشافات سے بھرپور ڈوزیئر کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف مہم تیز کردی ہے — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انکشافات سے بھرپور ڈوزیئر کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف مہم تیز کردی ہے — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ڈوزیئر میں بھارت کی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت کے انکشافات سامنے آنے کے بعد بھارتی حکومت نے جھوٹے بیانیے، من گھڑت ثبوتوں اور جھوٹی کارروائیوں پر مبنی پاکستان مخالف مہم کو مزید تیز کردیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے یہ بیان بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے غیرملکی نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے نگروتا میں نام نہاد دہشت گردی کے حملے کے حوالے سے دی گئی بریفنگ پر جاری کیا۔

مزید پڑھیں: مودی کے الزام کے بعد چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت

ایک دن قبل بھارتی سیکریٹری خارجہ ہرش شرنگلہ نے غیرملکی نمائندوں کو 9 نومبر کو ہوئے واقعے میں پاکستان کے مبینہ کردار کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کی ذومعنی بریفنگ مقبوضہ کشمیر میں مبینہ طور پر کیے گئے کسی حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔

انہوں نے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کی منصوبہ بندی، معاونت، مالی مدد اور اسے انجام دینے کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد کا حامل ڈوزیئر پاکستان کی جانب سے پیش کیے جانے کے بعد بھارتی حکومت نے جھوٹے بیانیے، من گھڑت ثبوت اور جھوٹیہ کارروائیاں دکھا کر اپنی پاکستان مخالف مہم کو مزید تیز کردیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے جھوٹے بیانیے کو بچانے اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کی ہندوستان کی مایوس کن کوششوں کی عکاسی کے سوا کچھ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے دہشت گردی سے متعلق ڈوزیئر پر بھارتی تردید 'مسترد' کردی

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کو بھارت کے اس اقدام کے حوالے سے مسلسل سنجیدگی سے آگاہ کرتا رہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کو ملوث کرنے اور علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے ارادے سے جھوٹی کارروائی کر سکتا ہے اور ہم ایک مرتبہ پھر عالمی برادری کو اس خطرے سے آگاہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت کو بے نقاب کرتا رہے گا اور عالمی پروپیگنڈا سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں ہونے دے گا۔

زاہد حفیظ چوہدری نے عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے نظام پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے پیش کردہ بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں سے منسلک ڈوزیئر پر عمل درآمد کرنا شروع کرے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کی روایتی ہرزہ سرائی کو مسترد کردیا

جمعہ کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹوئٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان میں مقیم دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پر اسلحے اور دھماکا خیز مواد کے ساتھ موجودگی سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ ان کی بڑی تباہی پھیلانے کی کوششوں کو ایک بار پھر ناکام بنا دیا گیا ہے۔

پاکستان نے ان الزامات کے ایک دن بعد بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا تھا جبکہ بھارت نے دہلی میں پاکستانی سفیر کو بھی طلب کر کے اس نام نہاد حملے کے حوالے سے احتجاج کیا تھا۔

پاکستان کو اپنا 'ہر موسم کا حلیف' قررا دینے والے چین نے ماضی میں بھی بھارتی الزامات کے خلاف پاکستان کا دفاع کیا اور لیجیان ژاؤ نے سی پیک کا خصوصی طور پر حوالہ دے کر اس منصوبے کی اہمیت اور اس کی کامیابی اور سلامتی پر بھی زور دیا۔

پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت

یاد رہے کہ 14 نومبر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان میں بھارت کی جانب سے دہشتگردی اور دہشتگردوں کو مالی معاونت کے ثبوت پیش کیے تھے اور اس حوالے سے ایک ڈوزیئر بھی جاری کیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹس کی آڈیو اور ویڈیو بھی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی اس کے ساتھ ساتھ مختلف ’ناقابل تردید‘ ثبوت پیش کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت دہشتگردی و اقلیتوں کے خلاف مظالم پر رائے دینے کی پوزیشن میں نہیں، دفتر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے ثبوت بھارت کی جانب سے مالیاتی اور مواد کی سطح پر متعدد دہشت گرد تنظیموں کی مدد کی عکاسی کرتے ہیں جس میں اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جماعت الاحرار، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان یہ ڈوزیئر اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم، پی 5 ممالک اور دیگر کو پیش کرے گا اور ہم توقع کرتے ہیں کہ عالمی برادری وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اور اقدامات کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024